پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف کانگریس پارٹی کاپٹرول بینکوں کے سامنے احتجاج

0

بیدر۔ 11جون (محمدیوسف رحیم بیدری) آج 11/جون جمعہ کو صبح کی اولین ساعتوں میں کانگریس پارٹی نے شہر کے مختلف پٹرول بینکوں پر پٹرول، ڈیزل اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاج منظم کیا۔ قدیم شہر کے اے کے پٹرول پمپ پر جناب محمدیوسف صدر بلاک کانگریس کمیٹی بیدر (شمال) کی قیادت میں احتجاج منظم ہواجس میں یوتھ کانگریس کرناٹک کی جنرل سکریڑی محترمہ ڈاکٹر افروزجہاں، عالیشان قادری یوتھ کانگریس ضلع نائب صدر، محمد غوث کونسلر، سنجورام داس، سید اکبر اوربلاک کانگریس کمیٹی بیدر (شمال)نے حصہ لیا۔ احتجاجی پلے کارڈ اٹھائے ہوئے نعرے لگارہے تھے کہ کم کریں کم کریں، پٹرول کی قیمت کم کریں۔ مودی تیری تاناشاہی نہیں چلے گی، نہیں چلے گی۔ ہنڈرڈ ناٹ آؤٹ وغیرہ وغیرہ۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محمدیوسف صدر بلاک کانگریس بیدر (شمال) نے کہاکہ 35روپئے فی لیٹر ملنے والے پٹرول پر مرکزی اور ریاستی دونوں حکومتیں گاہکوں سے 65روپئے پلس کرکے پورے 100روپئے وصول کر رہی ہیں۔کانگریس کی زیرقیادت یوپی اے حکومت میں گیس سلنڈر کی قیمت 370روپئے تھی لیکن اب وہ گیس سلنڈر بی جے پی حکومت میں 1000روپئے تک پہنچ چکاہے۔ مرکز کی مودی حکومت پٹرول،ڈیزل اور گیس کی قیمتوں کوکم کرانے کے وعدے کے ساتھ برسراقتدار آئی تھی لیکن آج وہی مودی حکومت اپنے وعدے سے پھرچکی ہے۔کئی گنا اضافہ پٹرول کی قیمتوں میں ہواہے اور یہ اضافہ جاری وساری ہے۔اس کے علاوہ میٹھاتیل جو 60روپئے کیلو ملتاتھااب 150روپئے کیلو ہوچکاہے۔ محمدیوسف نے بتایاکہ عوام کی بھلائی اور انہیں مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے کیاجانے والایہ احتجاج 5دن تک جاری رہے گا۔ اگر پھر بھی ریاستی اور مرکزی حکومتیں پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر کنڑول نہیں کرتیں ہیں تو کانگریس پارٹی عوام کو لے کر سڑکوں پر اتر آئے گی۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے آج بیدر تعلقہ کے 10پٹرول پمپوں پر یہ احتجاج منظم کیا۔ ضلع کانگریس کمیٹی نے سندول پٹرول پمپ، مینارٹی کانگریس نے جبارپٹرول پمپ، یوتھ کانگریس نے پوار پٹرول پمپ، مہیلاکانگریس نے کھنڈرے پٹرول پمپ، ایس سی سیل وغیرہ نے شیونگراور جنواڑہ روڈ پر واقع پٹرول پمپوں کے سامنے احتجاج منظم کیا۔ پی ایس آئی پربھاکر کی قیادت میں قدیم شہر کے مذکورہ پٹرول پمپ پر پولیس کاکافی بندوبست کیاگیاتھا۔ 12/جون کو چک پیٹ پر احتجاج منظم ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!