مسلم قیادت کے لئے سیاست کی راہ آسان نہیں ہے:نسیم الدین پٹیل

0
Post Ad

بیدر۔ 30جولائی (محمدیوسف رحیم بیدری) مسلمانوں کے مسائل کا سیاسی حل اتنا آسان نہیں ہے جتناکہ سمجھاجاتاہے۔ میرے بڑے بھائی اور سابق وزیر جناب معراج الدین پٹیل مرحوم نے مجھ سے کہاتھاکہ ہم مینارٹی میں ہیں، ہمیں اکثریت کے مزاج کودیکھتے ہوئے کام کرناپڑتاہے۔ ہم غیرذمہ دارانہ بیان بازی نہیں کرسکتے۔اس لئے مسلم قیادت کی راہ آسان نہیں ہے لیکن جوجومسلم قیادت عوام کادل جیتنے میں کامیاب ہے اس کو چاہیے کہ وہ آگے بڑھ کر عوام اور خصوصاً مینارٹی کے مسائل کو ضرور حل کریں۔ مینارٹی طبقہ سے ہوکر مینارٹی کے مسائل کولیت ولعل کاشکار بنانا ٹھیک نہیں ہوتا۔اور مسلمانوں کو بھی چاہیے کہ وہ سیاسی اتحاد کے ذریعہ اپنے سیاسی مقاصد میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں،اس کے لئے سیاسی شعور کی ضرورت لازمی ہے۔ یہ باتیں ضلع پنچایت بیدر کے سابق چیرمین جناب نسیم الدین پٹیل نے کہیں۔انھوں نے آج ایک انٹرویومیں بتایاکہ میرے بڑے بھائی مرحوم معراج الدین پٹیل نے پی کے پی ایس، گرام پنچایت اور منڈل انتخابات سے ہوتے ہوئے رکن اسمبلی منتخب ہونے تک کا کٹھن سفرطئے کیاتھااس کے بعد ہی انھیں وزارت ملی تھی۔ میں خود بھی 2005؁ء سے سیاست میں سرگرم ہوں۔ دیہات کے مسائل شہری مسائل سے ہٹ کر ہیں۔ دیہات میں صحت کامسئلہ درپیش ہوتو اس کے حل کے لئے ڈاکٹر اگر مل بھی جائے تو دوائیں دستیاب نہیں ہوتیں۔ اوراگرڈاکٹر اور دوائیں دستیاب ہوں تب سواری کامسئلہ سامنے آتاہے جس سے کئی جانیں تلف ہوجاتی ہیں۔ ان مسائل کو حل کرنے کی طرف عوامی نمائندوں کوتوجہ دیناچاہیے۔ جناب نسیم الدین پٹیل نے ایک دفعہ بیدرجنوب اور دودفعہ ہمناآباد اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی کا انتخاب لڑاتھا لیکن شکست ان کامقدر رہی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایاکہ سیاسی شکست کھانے کے بعد بیٹھ جانے والے کو پٹیل نہیں کہتے۔میں آج بھی بیدر جنوب میں عوام تک بلکہ ان کے گھروں تک پہنچ رہاہوں۔ ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتارہتاہوں۔عوام بھی مجھے چاہتی ہے۔ میں اپنے حلقہ کے عوام کی قدر کرتاہوں اوران کاشکرگذار ہوں کہ انھوں نے مجھے ہر دفعہ ووٹ دیا۔ ہار جیت البتہ قسمت کی بات ہے۔واضح رہے کہ بیدر کسان شوگرفیکٹری (بی کے ایس کے)نسیم الدین پٹیل کی دین ہے۔ جس کی بدولت کئی افراد برسرروزگار ہوئے ہیں۔ اوراس فیکٹری کی وجہ سے گناکسانوں کواپنے ہی علاقے میں گنا پہنچا نے میں آسانی ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!