کسی بھی طرح کی اراضی کی خریداری کے دستاویزات متعلقہ دفاتر پہنچ کر چیک کرلیں ،سٹی میونسپل کونسل بسواکلیان کے کمشنر راجو ڈی کی عوام کے لئے اہم ہدایات
بیدر۔ (محمدیوسف رحیم بیدری) سٹی میونسپل کونسل کے کمشنر مسٹر راجو ڈی نے عوام الناس کے لئے ایک انتباہ نامہ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ بسواکلیان میں کچھ لوگ جعلی دستاویزات بناکر عوام کوجائیداد فروخت کررہے ہیں۔ اس طرح سرکاری دفاتر اور عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہورہی ہیں لہٰذا متعلقہ محکمہ کے دفاترپہنچ کر دستاویزات چیک کرتے ہوئے ان دستاویزات کے اصلی یانقلی ہونے کی تصدیق کرلیں۔ (۱) کوئی بھی جائیداد خریدتے وقت این اے آرڈر کاپی، ٹاؤن پلاننگ آفس کا لے آوٹ میپ سے تصدیق کی جائے کہ نقشہ اصلی ہے یا اس میں ترمیم کرتے ہوئے اصلی نقشہ سے چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ (۲) کچھ لوگ ٹاؤن پلاننگ کے اصل نقشے میں ردوبدل کرکے سڑک، باغ کی جگہ، شہریوں کودی جانے والی جگہ، سرکاری یا نیم سرکاری یاکسی بھی سرکاری محکمہ کی بنیاد پر زمین خرید رہے ہیں۔ لہٰذا میونسپل کونسل، ٹاؤن پلاننگ دفتر، تحصیل آفس وغیرہ پہنچ کر تصدیق کرلیں۔ شہریوں کوچاہیے کہ وہ میونسپل کونسل اور متعلقہ دفاتر میں قانونی جائیدادوں کی خریداری کے فوری بعد اپنے حقوق کی منتتقلی /میوٹیشن کرلیں۔ کیوں کہ ایسے معاملات بھی سامنے آئے ہیں کہ دستاویزات کی کمی کی وجہ سے وہی جائیداد دوسروں نے خریدلی۔ لہٰذا عوام کوچاہیے کہ وہ اپنے کاغذات کااندراج قواعد کے مطابق کریں۔ موصوف نے اس بات کا اقرار کیاہے کہ میونسپل دفتر میں کچھ گمنام افراد لوگوں کودھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ان سے بچیں اورراست طورپر میونسپل حکام یا عملہ سے مل کر اپنامعاملہ حل کرلیں۔