بیدر ضلع کی تنظیمیں کوویڈکے مریضوں کوزندگی دینے کاکام آیا دوبارہ انجام دیں گی ؟

0
Post Ad

 

بیدر ضلع کی تنظیمیں کوویڈکے مریضوں کوزندگی دینے کاکام آیا دوبارہ انجام دیں گی ؟بیدر ضلع انتظامیہ اور ایک حدتک محکمہ صحت اور خاندانی بہبود اس وقت بسواکلیان اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں مشغول ہیں۔ 17اپریل کو رائے دہی ہے۔اسی مشغولیت کا نتیجہ یہ ہے کہ بید رکے سرکاری اور غیرسرکاری اسپتالوں میں دواؤں، آکسیجن، بستر اور دیگر اشیاء کی کمی پر ضلع انتظامیہ کی کچھ خاص توجہ نہیں ہے۔ جو اطلاعات آرہی ہیں اس کے مطابق بیدر میں آکسیجن کی قلت ہے۔ اورجب آکسیجن خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے تواس کی قیمت آسما ن سے باتیں کررہی ہے۔ آکسیجن نہ ہونے کے باعث پچھلے سال کی طرح اس سال بھی لوگ فوت ہورہے ہیں۔ پچھلے میں زیادہ سختی تھی،ا ور ضلع انتظامیہ حالات و واقعات پر نظر رکھے ہوئے تھا۔اب اس وقت ضلع انتظامیہ انتخابات میں مشغول ہے جیسے ہی بسواکلیان کے انتخابات ختم ہوں گے۔ شہر بیدر کے بلدیاتی انتخابات میں ضلع انتظامیہ اور تعلقہ انتظامیہ مشغول ہوجائے گا۔ جاننے اور سمجھنے والے حساس افراد پریشان ہیں کہ آخر کوویڈ۔ 19کی موجودہ لہر سے بیدر شہر اور ضلع کی عوام کس طرح مقابلہ کرے گی؟*
*بیدر شہر کی خوبی یاکمزور ی کہیں، یہاں کے لوگ اپناساراکام اپنی سمجھداری اور خودی سے تب کرتے ہیں جب ان کاساتھ ضلع انتظامیہ دے۔ اگر ضلع انتظامیہ نظر انداز کردے گاتو کام بھی نہیں ہوگا۔ بیدر کامعاشرہ اس آفت کامقابلہ ضلع انتظامیہ سے مل کرہی کرناچاہے گا۔ یہاں ہماراسوال ان تنظیموں سے ہے جو پچھلے سال لوگوں کی زندگی بچانے میں لگی ہوئی تھیں۔ ہم ان کا نام نہیں لیں گے، صرف یہ کہہ دینا کافی ہوگاکہ سابق میں جو تنظیمیں لوگوں کی زندگی بچانے کاکام کام کررہی تھیں ان کوآج پھر Active ہونے کی ضرورت ہے تاکہ پوری ہوشیاری کے ساتھ اس وباء پر قابوپانے میں کامیابی مل جائے۔ بہت زیادہ رقم کی ضرورت تو ہے لیکن اگر سب مل بیٹھیں توراہیں بھی نکل آئیں گی اورضلع انتظامیہ بھی مدد کرے گا۔اس کے لئے بیدر شہر کے معززین اس طرف متوجہ ہوں۔ اسی طرح بسواکلیان، بھالکی، ہمناآباد، چٹگوپہ، کمال نگر، ہلسور اور اوراد تعلقہ جات میں کوویڈ۔ 19کے مریضوں کی مدد کے لئے لوگ اٹھ کھڑے ہوں۔*
*کسی نے کیاخوب کہاہے، ”جان ہے توجہان ہے“ اگر اپناپیارا دوست گذرجائے، اگر ہمارے رشتہ دار گذر جائیں، اگر ہمارااپنالخت جگر گذر جائے تو زندگی میں زندگی کاذائقہ باقی نہیں رہتا۔ براہ کرم اس سے پہلے کے کوئی بڑا حادثہ رونماہوجائے، اٹھیں، سب اپنے ہیں۔ سب کوموت سے بچائیں۔ انہیں دوبارہ زندگی دینے کے لئے اپنی سی کوشش کریں۔انسانیت کو بچائیں، انسانیت بھی آپ کے لئے کام کرنے لگے گی۔اہل خیر بھی اس طرف فوری متوجہ ہو۔

محمدیوسف رحیم بیدری، بیدر۔ کرناٹک۔ موبائل: 9141815923

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!