شریعہ کونسل کی ویب سائٹ کا امیر جماعت اسلامی ہند کے ہاتھوں افتتاح

0
Post Ad
” شریعہ کونسل جماعت اسلامی ہند کی ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہورہی ہے _  اس میں شامل فتاویٰ کے ذریعے زندگی کے مختلف میدانوں میں ملت اسلامیہ کی رہ نمائی کی گئی ہے _ یہ شریعہ کونسل کا اہم کام ہے ، جس پر اس کے ذمے داران مبارک باد کے مستحق ہیں _” ان خیالات کا اظہار جناب سید سعادت اللہ حسینی ، امیر جماعت اسلامی ہند نے شریعہ کونسل کی ویب سائٹ کے اجراء کی مجلس میں کیا  _ انھوں نے فرمایا کہ میں نے فتاویٰ کی بہت سے ویب سائٹس دیکھی ہیں _ میرا خیال ہے کہ دار العلوم دیوبند اور Islam QA کی ویب سائٹس کے بعد شریعہ کونسل کی یہ تیسری ویب سائٹ ہے ، جس پر اتنی بڑی تعداد میں فتاویٰ جمع کیے گئے ہیں _
          شریعہ کونسل کے چیئرمین مولانا سید جلال الدین عمری نے فرمایا کہ جماعت کے علماء نے فتاویٰ کے علاوہ خالص فقہی موضوعات پر بھی بہت کچھ لکھا ہے ، لیکن عموماً انہیں فقہ کے خانے میں نہیں رکھا جاتا _ انھوں نے اپنی مثال دی کہ میری کتابیں : عورت اسلامی معاشرے میں ، مسلمان عورت کے حقوق ، صحت و مرض اور اسلامی تعلیمات ، غیر مسلموں سے تعلقات اور ان کے حقوق وغیرہ میں اہم سماجی مسائل سے بحث کرتی ہیں ، لیکن ساتھ ہی ان میں بہت سے فقہی موضوعات  بھی زیرِ بحث آئے ہیں _ اس کے علاوہ میرے فقہی مقالات کا ایک مجموعہ ‘تحقیقات اسلامی کے فقہی مباحث’ کے عنوان سے شائع ہوچکا ہے _ مولانا عمری نے شریعہ کونسل کی جانب سے ویب سائٹ کی تیاری پر بہت خوشی کا اظہار کیا اور فرمایا کہ   اس کے ساتھ جماعت کے علماء کی فقہی کتابوں اور مقالات کو جمع کرنے اور ان کا تعارف کرانے اور جائزہ لینے کی بھی ضرورت ہے _
         ابتدا میں ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی سکریٹری شریعہ کونسل نے ویب سائٹ کا تعارف کرایا _ انھوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند کی میقاتِ رواں میں اپریل 2019 میں شریعہ کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا  _ دو برس کے عرصے میں الحمد للہ کونسل نے اہم خدمات انجام دی ہیں ، جس کی وجہ سے مسلم معاشرہ میں اس کی پہچان بنی ہے _  اہم ایشوز میں اس کی طرف سے ایڈوائزی جاری کی گئی ہے  _ فقہی مسائل میں تحریری جوابات اور ویڈیوز کے ذریعے رہ نمائی فراہم کی گئی ہے _ ویب سائٹ کا اجرا کونسل کی کارکردگی کی راہ میں ایک اہم سنگ میل ہے _ انھوں نے بتایا کہ ویب سائٹ میں مولانا سید ابو الاعلی مودودی کی کتاب ‘رسائل و مسائل’ (5حصے) ، مولانا سید احمد عروج قادری کی کتاب ‘احکام و مسائل’ (2حصے) ، مولانا صدر الدین اصلاحی اور مولانا سید حامد علی کے ماہ نامہ زندگی رام پور میں شائع ہونے والے فقہی سوالات و جوابات ، مولانا سید جلال الدین عمری کی کتاب ‘ اسلام کا عائلی نظام ‘ میں شامل سوالات و جوابات اور میری کتاب  ‘زندگی کے عام فقہی مسائل’ (5حصے) کے مواد کو شامل کیا گیا ہے _ ابھی تقریباً 1800 سوالات و جوابات ہیں _ مزید 700 سوالات و جوابات کو شامل کیا جانا ہے _ ڈاکٹر ندوی نے بتایا کہ اس میں سوال دریافت کرنے کا بھی آپشن موجود ہے _ کسی کو کوئی سوال دریافت کرنا ہو تو اس میں اپنا سوال تحریر کیے _ اسے فوراً جواب دیا جائے گا _ اس ویب سائٹ میں شریعہ کونسل کی جانب سے جاری کی جانے والی ایڈوائزیز ، فقہی موضوعات پر ویڈیوز اور بعض فقہی کتب بھی شامل کی گئی ہیں _
          اس افتتاحی مجلس میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امراء ، سکریٹریز ، اسسٹنٹ سکریٹریز اور دیگر ذمے داران موجود تھے _ امیر جماعت کی دعا پر مجلس اختتام پذیر ہوئی _
 ویب سائٹ کا لنک درج ذیل ہے 👇
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!