الامان اُردو اسکول بیجاپور میں دسویں جماعت کا الوداعی اجلاس
بیجاپور 11/مارچ (ای میل) الامان اُردو ہائی اسکول برائے خواتین میں دسویں جماعت کے طالبات کے لئے ایک شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب ہر سال کی طرح اس سال بھی نویں جماعت کے طلبہ نے دسویں جماعت کے اعزاز میں منعقد کی۔ اس اجلاس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر سید علیم اللہ حسینی صدر شعبہ اردو انجمن ڈگری کالج بیجاپور نے اپنے اظہار خیال میں کہا کہ مجھے الامان کے طالبات کو دیکھ کر فخر ہوتا ہے یہ نہایت سنجیدگی اور نظم وضبط کے ساتھ علم کے حصول میں کوشاں ہیں۔ یہاں کے طلبہ میں کچھ حاصل کرلینے کی لگن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علم ترقی کا زینہ ہے، طالبات کو چاہیے کہ اپنے بہتر مستقبل کے حصول کیلئے مستقل مزاجی اور بہترین صلاحیتوں کے ساتھ اپنی توجہ کو مرکوز رکھیں۔ الامان اسکول نے ہمیشہ بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے احسن اقدام اُٹھائے ہیں۔ میں ان تمام کو مبارکباد پیش کرتاہوں اور ان طالبات کو بھی مبارکباد پیش کرتاہوں جنہوں نے مسلسل محنت سے انعام اول،دوم اورسوم حاصل کیا ہے۔ اس اجلاس کی صدارت اللہ بخش باغوان نے کی۔ اس موقع پر اے اے ناصر اور بی اے منیار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالب علم کیلئے بہترین اخلاق کا ہونا ضروری ہے۔ جلسہ کی نظامت سعدیہ غزالہ ڈونگر گاؤں نے انجام دی۔ شہ نشین پر بندہ نواز سانگلی کر،عتیق نعلبند،محترمہ شہناز محالدار،صغریٰ عالم،اے بی ڈانور موجود تھے۔