بھولے ناتھ آئیسکریم تیار کرنے کی یونٹ پر دھاوا، کیمیکل ملاکر آئیسکریم بنانے کی شکایت
بیدر۔ 17/اگست (کنڑی چینل سے) بید رمیں بھولے ناتھ آئیسکریم ایک معروف نام ہے۔ جس کو ہر طبقہ کے لوگ شوق سے کھاتے ہیں۔ ”کساٹا“نامی آئیسکریم بھولے ناتھ آئیسکریم کی پہچان ہے، دیگر ذائقہ والے آئیسکریم بھی ملتے ہیں۔ ریاست کرناٹک کے کنڑ چینل ”بی ٹی وی، آن لائن“ نے اپنی نشریات میں بتایاہے کہ کولار میں واقع بھولے ناتھ آئیسکریم بنانے کے یونٹ پر محکمہ غذائی تحفظ کے افسر ڈاکٹر نتن برادار کی قیادت میں دھاواڈالاگیا۔ دھاوا اس شکایت پر ڈالاگیاکہ تاریخ ختم ہوجانے کے بعد بھی اشیاء کااستعمال کیاجارہاہے جس سے آئیسکریم کی کوالٹی خراب ہورہی ہے اور یہ بھی کہ اس آئیسکریم میں مبینہ طورپر کیمیکل ملایاجاتاہے۔ بی ٹی وی(کنڑ) کے مطابق بھولے ناتھ آئیسکریم کی اس یونٹ کونوٹس جاری کی گئی ہے۔ جس کی تفصیلات ٹی وی نے نہیں بتائی ہیں۔ اس خبر کی ویڈیو وائرل بھی ہورہی ہے۔ اور اس کے ساتھ کنڑی زبان میں جوعنوان دیاگیاہے وہ یوں ہے ”شہر میں بھولے ناتھ آئیسکریم کی پیداواری یونٹ پر دھاوا، بھولے ناتھ آئیسکریم کھانے سے ہوشیار“۔ واضح رہے کہ ماہ رمضان میں بھولے ناتھ آئیسکریم کی ایک شاخ قدیم شہر کے چوبارہ روڈ پر کھولی گئی ہے۔ جبکہ ایک شاخ مسجد الٰہی اور بھگت سنگھ سرکل کے درمیان واقع ہے۔ جو بھولے ناتھ آئیسکریم کی قدیم شاخ ہے۔