ادارہ محفل کاتہنیتی اجلاس
شعراء،ادباء اور دیگر فن کار وں کی عزت و قدر افزائی کے پیش نظر ادارہ محفل رجسٹر ڈ بنگلور کی جانب سے جوتہنیتی اجلاس کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ اسی سلسلے کے تحت بروز اتوار 18/اگست 2024ریاست کرناٹک کے معروف شاعر افسانہ نگار،ڈرامہ نگار اور بنیادی طور پر خوش نویس جناب یحییٰ نسیم کے اعزاز میں ایک تہنیتی جلسہ جناب محمدعبیداللہ شریف مدیر اعلیٰ روزنامہ پاسبان،صدر انجمن ترقی اردو ہند کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں جناب مبین منور،سابق چیرمین کرناٹکا اردو اکادمی،جنرل سکریٹری انجمن ترقی اردو (ہند) کرناٹک، جناب سید شفیع اللہ سماجی وسیاسی قائد اور جناب جمیل اختر بنارسی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ جناب محمد اعظم شاہد رکن کرناٹک اردواکادمی نے جناب یحییٰ نسیم کے فن اور ان کی شخصیت پر اپنے تاثرات پیش کئے۔ ساتھ ہی ایک موضوعاتی مشاعرہ بھی منعقد ہوا۔ نیاز الدین نیاز کی قرأت کلام اللہ سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ منیر احمد جامی نے نظامت کے فرائش انجام دیئے۔