کلیان کرناٹک اُردو جرنلسٹ اسوسی ایشن نے نالیوں کی صفائی، خندق کے دونوں جانب دیوار کی تعمیر اور پودے لگانے کے لئے بلدیہ سے کی نمائندگی

0
Post Ad

بیدر۔ 27/جون (محمدیوسف رحیم بیدری) کلیان کرناٹک ارد وجرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر نے آج پیر کو بلدیہ کمشنر کو ایک یادداشت پیش کرکے شہر کے مسائل سے واقف کراتے ہوئے انہیں حل کرنے پرزور دِیا۔جناب محمد یوسف رحیم بیدری، جناب محمد عمران خان، جناب عبدالقدیر لشکری، جناب محمد امجدحسین،جناب سراج الحسن شادمان، رحمت اللہ رحمت، عبدالغفورعرف ’شیر‘ اور محمد سلطان فوٹوگرافر پر مشتمل وفد نے کمشنر بلدیہ کے دفتر میں نہ ہونے کے سبب بلدیہ کے AEEسے ملاقات کرکے انہیں یادداشت پیش کی۔ یادداشت میں کہاگیاہے کہ گاوان چوک تا امبیڈکر سرکل اور چوبارہ تانئی کمان صفائی ستھرائی کی حالت نہایت ہی ناگفتہ بہہ ہے۔ چند سال سے یہاں کی نالیاں بھری ہوئی ہیں۔ان کی صفائی کاکوئی اہتمام نہیں ملتا۔ یہاں پر کچرے دان نہیں ہیں۔ جس کی وجہ سے ہرطرف بدبو رہاکرتی ہے۔ مچھروں اور دیگر کیڑوں کی بھرمار آسانی سے دیکھی جاسکتی ہے۔ اور جیسے ہی بارش کاموسم شروع ہوتاہے یہاں کے تاجرین اور مقامی افراد اپنے آپ کو مشکل میں محسوس کرتے ہیں۔ 5-10منٹ کی بارش سے نالیوں کی ساری گندگی سڑک پر چلی آتی ہے۔ نالیوں کی حالت کئی ایک مقامات پر خستہ ہے۔ اس علاقہ میں ٹریفک جام کے مسائل بھی ہیں۔ ڈرینج کامسئلہ تکلیف دہ ہے۔ برائے کرم اس مسئلہ کو فوری حل کیاجائے۔ دوسرا مسئلہ ہے منگل پیٹھ دروازے کے باہر خندق سے لگ کر جو دیوار خندق میں گرنے سے بچانے کے لئے تعمیر کی گئی تھی وہ دونوں جانب آدھے سے زیادہ ٹوٹ گئی ہے۔ ہر دن اور ہر پل لوگوں کاوہاں سے آنا جانا ہے۔ اگر کوئی خندق میں گرگیاتو اس سے اس کی جان کوخطرہ ہوگا۔ اس دیوار کی فوری تعمیر کی جائے۔ تیسرا مسئلہ کی طرف توجہ دِلانا مقصود ہے کہ 5/جون کو ہم نے یوم ماحولیات منایاتھا۔ ہم نے دیکھاہے کہ چوبارہ تانئی کمان اور گاوان چوک تا امبیڈکرسرکل ایک درخت بھی نہیں لگایاگیاہے۔ بلدیہ سے ہماری گذارش ہے کہ فوری ایکشن لیتے ہوئے ان دواہم راستوں پر درخت لگاکر فضائی آلودگی سے شہر کے اس حصہ کو بچایاجائے۔ اے ای ای بلدیہ نے کلیان کرناٹک اُردوجرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر کے وفد کو تیقن دیاکہ اس کام کی طرف فوری توجہ دی جائے گی، جس کے لئے رقم بھی بلدیہ کے پاس موجودہے۔ وفد کی نمائندگی میں مؤظف انجینئر الحاج اخترمحی الدین اور نثاراحمد پانی منتری بھی شامل تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!