گورنمنٹ فرسٹ گریڈ ویمنس ڈگری کالج بیل ہونگل میں این ای پی اردو نصاب پر ایک روزہ ورکشاپ کا کامیاب انعقاد
بیلگاوی: شعبہ اردو گورنمنٹ فرسٹ گریڈ ویمنس ڈگری کالج بیل ہونگل ضلع بیلگام کے زیر اہتمام این ای پی نصاب پر ایک روزہ اردو ورکشاپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا اس ورکشاپ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد سمیع الدین ،اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو ،سیکیاب اے آر ایس انعامدار ڈگری کالج برائے خواتین وجئےپور نے طالبات سے پر زور مطالبہ کیا کہ شعر و ادب کا گہرائی سے مطالعہ کرتے ہوئے ادب کے مقاصد کو اجاگر کرنے کی کوشش کریں این ای پی اردو نصاب میں شامل شعراء و ادباء نے اپنی تحریروں کے ذریعے معاشرے کی فلاح و بہبودی اصلاح کی بہترین کوشش کی ہے بلکہ قومی یکجہتی کو پروان چڑھانے میں سب سے اہم کردار نبھایا ہے مزید انہوں نے کہا کہ اردو کا پہلا گیان پیٹھ ایوارڈ رگھو پتی سہائے فراق گورکھپوری کو ملا ہے اردو کے فروغ میں سب سے زیادہ غیر مسلم شعراء و ادباء کا اہم کردار رہا ہے چاہے وہ منشی پریم چند، کرشن چندر، راجندر سنگھ بیدی، سریندر پرکاش ، تلوک چند محروم ، گیان چند جین، گوپی چند نارنگ وغیرہ ہوں لہذا اردو ایک ہندوستانی زبان ہے اور یہ زبان تمام ہندوستانیوں کی زبان ہے بالخصوص انہوں نے بی کام نصاب پر روشنی ڈالتے ہوئے بی کام کی طالبات سے کہا کہ نصاب میں شامل کتابیں کاروبار و ادب اور کاروبار خط و کتابت بڑی اہمیت کے حامل ہیں ان کتابوں میں شامل مضامین کے مطالعے سے آپ ایک اچھے تاجر ثابت ہو سکتے ہیں اس کی سب سے پہلی شرط یہ ہے کہ زبان لب و لہجہ درست ہو تبھی کامیاب تاجر کہلائنگے. اس کے علاوہ انہوں نے بی بی اے، بی اے نصاب پر بھی سیر حاصل روشن ڈالی. اس جلسہ کے صدر پرنسپل پروفیسر بی کے مڑوال نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ میں سب سے پہلے آج کے ریسورس پرسن ڈاکٹر محمد سمیع الدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے طالبات کو مستفید ہونے موقع فراہم کیا اور ہماری دعوت کو قبول کیا اس موقع میں بس اتنا کہوں گا کہ زبان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہم اردو میں تھوڑی بہت بات کر لیتے ہیں مگر اردو پڑھ نہیں سکتے لہذا ہمیں بھی اس کمی کا احساس ہے ہمارے یہاں اردو کے طالبات کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے اردو گیسٹ لکچرر کا تقرر نہیں ہو پایا اگر مستقبل میں تعداد بڑھتی ہے تو گیسٹ لکچرر کا تقرر عمل میں آئے گا اور طلبہ سے درخواست کرتا ہوں کہ اردو کی کتابوں کی فہرست مجھے دیں تاکہ کتابیں لائبریری کے لیے منگوائی جائے. خیر مقدمی و تعارفی کلمات پروفیسر بی بی پاٹل شعبہ انگریزی نے ادا کیا اور عفیفہ مجاور نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، پروفیسر ماروتی گوڈا نے شکریہ ادا کیا اس موقع پر اساتذہ کے علاوہ کثیر تعداد میں طالبات شریک رہے.