تحفظ شریعت ، اور فتویٰ اور جہاد تحریک آزادی کے اصل محرکات ،مسلم رہنماؤں کے رول پر کرناٹک مسلم پولٹیکل فورم کاجلسہ ، دانشوران کا خطاب

1
Post Ad

گلبرگہ: آج شریعت میں مداخلت کی کوششیں کی جارہی ہیں ، فتویٰ اور جہاد کیخلاف مسلسل گمراہ کن پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے جبکہ تحفظ شریعت ، فتویٰ اور جہاد ہندوستان کی تحریک آزادی کے اصل محرکات ہیں اس خیال کا اظہار سینئر صحافی عزیز اللّٰہ سرمست نے کیا ہے وہ کل دوپہر 2:30 بجے دن کرناٹک مسلم پولٹیکل فورم گلبرگہ ضلع کے زیر اہتمام فورم کے دفتر کے روبرو 78 ویں جشن آزادی کے موقع پر ملک کی تحریک آزادی میں مسلم رہنماؤں کا رول کے زیر عنوان منعقدہ جلسے کو مخاطب کررہے تھے انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ پرست ذہنیت رکھنے والوں نے ملک کی تحریک آزادی کی مکمل تاریخ کو تبدیل کردیا ہے کیونکہ تحریک آزادی میں مسلمانوں کا کلیدی رول رہا ہے عزیز اللّٰہ سرمست نے مزید کہا کہ یہ بڑا المیہ ہے کہ خود مسلمان ملک کی تحریک آزادی کی وہی تاریخ پڑھ رہے ہیں اور دوہرا رہے ہیں جو انہیں پڑھائی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ 1857 کے بعد 90 سال کے عرصے میں جو رہنما اور قائدین ملک کی تحریک آزادی میں شامل ہوئے صرف انہی کا تذکرہ کیا جاتا ہے جبکہ 1857 کی بغاوت میں مسلمانوں کی قربانیوں اور اس سے 100 سال قبل مسلمانوں نے جو تحریک آزادی چلائی اس کا کہیں بھی تذکرہ نہیں ہوتا عزیز اللّٰہ سرمست نے کہا کہ اصل تاریخ یہ ہے کہ 1857 میں مسلمانوں نے انگریزوں کیخلاف جہاد کیا لیکن تاریخ میں اسے بغاوت کا نام دیا گیا انہوں نے مزید کہا کہ انگریزوں نے ملک کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد دینی مدارس بند کرنے اور ان کی جگہ اسکولس شروع کرنے عیسائیت کی تبلیغ کو اسکولس کے نصاب میں شامل کرنے سنت ابراہیمی اور حجاب پر پابندی عائد کرنے کے احکام جاری کئے علامہ فضل حق خیرآبادی اور حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے برٹش حکومت کے شریعت مخالف قوانین کیخلاف جہاد کا فتویٰ جاری کیا عزیز اللّٰہ سرمست نے کہا کہ برٹش حکومت کے شریعت مخالف قوانین کیخلاف فتویٰ اور جہاد تحریک آزادی کی شروعات کا محرک بنے انہوں نے کہا شریعت میں مداخلت اور مسلمانوں کو نشانہ بنانا انہیں نظر انداز کرنا آج کی بات نہیں ہے بلکہ پچھلے 200 سالوں سے مسلمانوں کے ساتھ یہی رویہ اختیار کیا جارہا ہے ابتداء میں افضال محمود سیکریٹری کرناٹک مسلم پولٹیکل فورم نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کی تحریک آزادی کی تاریخ کو مٹانے کی سازش کی جارہی ہے ایسے میں مسلمانوں کی نوجوان نسل اور طلبا و طالبات کو مسلمانوں کی تحریک آزادی کی تاریخ سے واقف کروانا آج کا اہم تقاضا ہے معروف دانشور عبد القدوس رکن جماعت اسلامی نے کہا کہ تحریک آزادی میں مسلمانوں کا کلیدی رول رہا انہوں نے کہا کہ آزادی اور حریت کا تصور صرف اسلام میں ہے اس لئے مسلمانوں نے ملک کی تحریک آزادی شروع کرنے میں پہل کی عبد القدوس صاحب نے مزید کہا کہ ملک کی تحریک آزادی میں مسلمانوں کا تاریخی اور کلیدی رول رہا لیکن آزادی کے بعد مسلمانوں کو اقتدار سے دور رکھنے اور آزادی کے ثمرات سے محروم کرنے کی انگریزوں کی سازش کامیاب ہوئی عبد القدوس نے مزید کہا کہ فرقہ پرست عناصر جن کا تحریک آزادی میں کوئی رول نہیں رہا ، عین آزادی کے سامنے کانگریس میں شامل ہوگئے اور تعصب و نفرت کے زیر اثر مسلمانوں پر ترقی کے دروازے بند کرنے اور ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا ڈاکٹر محمد عبد الباری صدر شعبہ اردو پونا ڈگری کالج پونا نے حسرت موہانی مولانا محمد علی جوہر مولانا شوکت علی ابوالکلام آزاد اشفاق اللہ خان سرسید احمد خان اور دیگر مسلم رہنماؤں کی خدمات اور ان کی تحریکات کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے موجودہ حالات میں مسلمانوں کی قیادت کو مضبوط کرنے اور مسلمانوں کی سیاسی اہمیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا عبد الجبار گولہ ایڈوکیٹ صدر کرناٹک مسلم پولٹیکل فورم گلبرگہ ضلع نے جلسے کی صدارت کی انہوں نے صدارتی تقریر میں کہا کہ ملک کی تحریک آزادی میں مسلمانوں نے سرگرم رول ادا کیا لیکن آج ان کی عظیم و بے مثال قربانیوں کو فراموش کردیا گیا انہوں نے کہا کہ خود مسلمانوں نے اپنی شاندار تاریخ اور اپنے قائدین کی قربانیوں کو یکسر فراموش کردیا ہے عبد الجبار گولہ ایڈوکیٹ نے اس بات پر سخت اظہار تاسف کیا کہ الحاج اقبال احمد سرڈگی صاحب سابق ایم پی گلبرگہ کے انتقال کو 3 ماہ کا عرصہ گذرنے کے باوجود آج تک گلبرگہ میں ان کا کوئی تعزیتی جلسہ نہیں ہوا افضال محمود نے نہایت خوش اسلوبی سے نظامت کے فرائض انجام دیئے انور سلیدار جنرل سیکریٹری کرناٹک مسلم پولٹیکل فورم گلبرگہ سٹی نے شکریہ ادا کیا علیم احمد ریاستی کنونیر کرناٹک مسلم پولٹیکل فورم کے علاوہ فورم کے عہدیداران و ارکان حفیظ اللّٰہ زنجانی اطہر بابا سیکریٹری ہیومن ایج اسوسی ایشن سید نذیر الدین متولی بانی صدر کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ ریٹائرڈ مائناریٹی ایمپلائز اسوسی ایشن گلبرگہ عبد القدیر ملت ہیلپ لائن نواب خان معراج الدین پٹیل عالمی شہرت یافتہ آرٹسٹ محمد ایاز الدین پٹیل سید صادق حسین میر آصف علی مجیب علی خان بانی صدر مجیب علی خان میوزیم اینڈ کلچرل فورم گلبرگہ ہارون خرادی اور باذوق اصحاب کی کثیر تعداد نے جلسے میں شرکت کی

1 تبصرہ
  1. 24Glync کہتے ہیں

    Hey people!!!!!
    Good mood and good luck to everyone!!!!!

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!