رائچور میں خواتین وطالبات کا قرآنی ورکشاپ ،قرآنی تعلیمات سے اپنی شخصیت،گھر وخاندان کو منور کریں،قرآنی تعلیمات کا صحیح فہم وشعور،مثالی معاشرہ کی تشکیل کا زور دار محرک

0
Post Ad

قرآن مجید سے ہدایت کا حصول بغیر اس پر غور وفکر اور عمل کے ممکن نہیں ۔اس غرض کے لئے خواتین و طالبات میں شعور بیدار کرنے اور عملآ انہیں تیار کرنے کے سلسلہ میں قرآنی کورس برائے تدبر وانطباق کا اہتام کیا گیا۔ عبد الرحیم ویلفئیر سینٹر اور انسٹی ٹیوٹ آف ٹریننگ فار قرآنک ایپلیکشینز (اتقان) کی جانب سے مولانا محمد سراج الحسنؒ آڈیٹوریم‘ اسلامک سینٹر‘ کوٹ تلار‘ رائچور میں منعقد ہوئے اس سہ روزہ فری سرٹیفکیشن کورس سے تقریباً 200خواتین و طالبات نے استفادہ کیا ۔2 تا 4 اگست 2024 کے دوران منعقدہ سہ روزہ قرآنی کورس میں منتخب آیات کا پاور پوائنٹ کے ذریعہ تفہیم کا نظم کیا گیا۔ہر دن ڈھائی گھنٹوں پرمشتمل ورکشاپ منعقد ہوا جس میں پہلے منتخب آیات کی تفہیم ‘سوال وجواب اور مختلف سرگرمیوں کا اہتمام ہوا اور آخر میں شرکاء کو قرآن مجید پرتدبر اور اس کی آیات کے انطباق کے لئے اسائنمنٹس تفویض کئے گئے۔ قرآن مجیدپر غور وتدبر کے لئے سورہ الواقعہ آیات ۶۸ تا ۷۰‘سورہ عبس آیات ۲۴ تا ۳۲‘سورہ النور آیت ۲۱ کا انتخاب کیا گیا اور قرآنی انطباق کے لئے سورہ الاحزاب کی آیت ۳۵ کا مطالعہ کیا گیا۔ سورہ الانعام ‘سورہ النحل اور سورہ لقمان کی منتخب آیات پر مشتمل اسائنمنٹس تفویض کئے گئے۔ خواتین و طالبات نے دلچسپی اور دلجمعی سے ورکشاپ کے دوران تبادلہ خیال میں حصہ لیا اور بڑی توجہ وانہماک سے مختلف سرگرمیاں انجام دیں ۔ اسائنمنٹس کی تکمیل کے بعد اظہار خیال کیا آخر میں ان کی رہنمائی کی گئی۔ قرآن مجید کی تفہیم کے سائنسی طریقہ کار‘اڈوانسڈ میاگنفیکشن تیکنک‘آیت کے پس پردہ اسرارکو جاننے ‘سوالات وضع کرنے کے علاوہ باہم تبادلہ خیال کے طریقہ کو شرکاء نے کافی مفید محسوس کیا ۔اس دوران نہ صرف جدید ٹیکنالوجی اور موجودہ حالات کی روشنی میں قرآنی آیات کی تفہیم کا اہتمام کیا گیا بلکہ شرکاء کوتدبر وانطباق کے مراحل میں عملاً شامل کرایا گیا۔خواتین و طالبات کے ورکشاپس‘ اتقان کے ڈائریکٹر محمد عبد اللہ جاوید صاحب کی زیر نگرانی منعقد ہوئے ۔کورس کے اختتام پرخواتین و طالبات کا اختتامی و تاثراتی پروگرام منعقد ہوا ۔ مہمانان خصوصی کے طور ناظم ضلع محمد نور جاوید منیار صاحب‘ مقامی ناظم شعبہ خواتین شمیم النساء بیگم صاحبہ ‘ ڈاکڑ شازیہ راہی صاحبہ اور طاہر ہ بیگم صاحبہ شریک رہے۔ شمیم النساء بیگم صاحبہ نے افتتاحی کلمات ادا کئے ۔مہمانان خصوصی کے اظہار خیال کے بعداختتامی کلمات ادا کرتے ہوئےمحمد عبد اللہ جاوید صاحب نے کہا کہ قرآن مجید سے رہنمائی کے لئے اصل اہمیت دلی آمادگی اور پیش قدمی کی ہے۔اس ضمن میں جو اہم بات ہمیشہ ذہنوں میں رہنی چاہئے وہ یہ کہ قرآن مجید میرے لئے ہے اور یہ میری کتاب ہے۔قرآن مجید سے یہ ذاتی تعلق‘ غور وتدبراور انطباق کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔ آپ نے شہر رائچور کو قرآنی تعلیمات سے مزین کرنے پر توجہ دلائی اور کہا کہ انسانی مسائل کو قرآنی کی روشنی میں حل کرنا چاہئے۔آخر میں خواتین مہمانان کے ہاتھوں تمام شرکائے کورس میں اسناد تقسیم کئے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!