ناسا شاہین پی یو کالج شموگہ اور اے جے اکیڈمی فار ریسرچ اینڈ ڈیلوپمنٹ رائچور کے زیر اہتمام-ضلع شموگہ میں طلبہ اور اساتذہ کے تعلیمی وتربیتی اجلاس
قدوائی انگریزی اسکول شموگہ اور المحمود اسکول بھدراوتی میں دسویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لیے تعلیمی و تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ناسا شاہین پی یو کالج اور اے جے اکیڈمی کے اشتراک سے منعقد اجلاس سے اکیڈمی کے ڈائریکٹر محمد عبداللہ جاوید صاحب نے خطاب کیا اور طلبہ کو امتحان کی تیاری‘خوداعتمادی کے ساتھ پڑھنے کی تکنیک‘ توجہ ہٹانے والی چیزوں سے اجتناب کے عملی طریقے‘ سخت محنت ومشقت اورقوت یادداشت کے لئے عملی تدابیر جیسے موضوعات پر تفصیلی سے روشنی ڈالی۔آپ نیاس بات پر زور دیا کہ امتحانات میں بہتر کارکردگی کا تعلق اعلی مقصد اور ہدف سے ممکن ہے۔اوریہ کہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کا مقصد رب کی بندگی اور بندوں کی بے لوث خدمت ہونا چاہئے۔یہی مقصد اور بلند فکر‘ طلبہ کو ملک و ملت کے لئے قیمتی سرمایہ بناسکتی ہے۔ ا س موقع سے قداوئی اسکول کے ذمہ داران محمد ایوب خان صاحب‘ صوفی صاحب‘ اسکول کی صدرمدرسہ امۃ الوحید صاحبہ کے علاوہ ناساشاہین کالج شموگہ کے چیرمن محمد ایوب صاحب‘ ڈائریکڑ محمد مصعب صاحب‘محمد الیاس صاحب جوگفالس اور پرنسپل عبد الرحمن صاحب کے علاوہ المحمود اسکول بھدراوتی کی صد ر مدرسہ نازیہ ترنم صاحبہ اور استاد محمد اسلم شریف صاحب شریک تھے اور طلبہ سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے بعد قدوائی اسکول میں اساتذہ کا تربیتی پروگرام منعقد ہوا۔اس موقع سے محمد عبد اللہ جاوید صاحب اساتذہ سے مخاطب ہوتیہوئے ان بنیاد ی اجزا ئکی وضاحت کی جن سے ایک استاد‘ حقیقی معنوں میں استاد بنتا ہے۔جس کے تحت آپ نے تدریس کا اعلی جذبہ‘ تربیت اور مزید تربیت کی حرص‘ ہم احساس اور ہم درد بننے کی خوبی اور احساس ذمہ داری وجوابدہی جیسے امور کی وضاحت کی۔ بعدازاں آپ نے طلبہ کی ترقی وبہتری کا تصور پیش کیا جس میں ان کی تعلیمی ترقی کے علاوہ روحانی اور سماجی پہلوؤ ں سے ترقی بھی شامل ہے۔اس ذیل میں موصوف نے یہ بھی واضح فرمایا کہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی اور بہتری کی جانچ ابتدائی درجات ہی سے ہونی چاہئے۔اور ان مراحل کا بخوبی انداز ہ ہونا چاہئے جن سے گزر کر طلبہ کی شخصیت بنتی اور بتدریج نشوونما پاتی رہتی ہے۔بطور خاص تبدیلی‘ بہتری اور ارتقاء جیسے مراحل کا آپ نے خاص ذکر کیا۔ اورآخر میں اس بات پر زور دیا کہ اسکول میں اساتذہ کا باہم مل جل کر سیکھنے سمجھنے کا ماحول فروغ دینا چاہئے۔ ایسے امور پر مل جل کر غور وفکر اور حل ڈھونڈنے کا اہتمام ہونا چاہئے جو طلبہ اور تعلیم وتعلم سے متعلق ہیں۔آخر میں ناسا شاہین کے چیرمن محمد ایوب صاحب نے اساتذہ سے مخاطب ہوتے ہوئے انہیں شاہین کالج کے خصوصی اقدامات سے متعارف کرایا۔بعد ازاں المحمود ہائی اسکول بھدراوتی کے اساتذہ سے ہوئی گفتگو میں بھی انہیں امور کا احاطہ کیا گیا۔