دیہات بہتر ہوں گے تو ملک بہتر ہوگا دیہاتوں کی جامع ترقی کے سی آر کی اولین ترجیحات میں شامل : رکن کونسل کویتا کا بانسواڑہ میں پلے پرگتی پروگرام سے خطاب

0
Post Ad

کاماریڈی: ۔ پلے پرگتی پروگرام کے موثر نفاذ کے سبب تلنگانہ کے بہت سے گائوں ملک کے دوسری ریاستوں کے لئے مثال بن گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ جاگروتی صدر و رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے آج بانسواڑ ہ میں پلے پرگتی پروگرام کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ مذکورہ تقریب میں ان کے ہمراہ اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی، وزراء ایرا بلی دیاکر رائو، ویمولا پرشانت ریڈی و دیگر ٹی آر ایس قائدین بھی موجود تھے ۔ انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کچھ فلاحی و بہبودی کاموں کے آغاز میں تاخیر ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی ریاست تلنگانہ میں فلاحی و بہبودی اسکیمات جیسے آسرا وظائف، رعیتو بندھو، رعیتو بھیما، اور شادی مبارک و کلیانہ لکشمی

جیسی اسکیمات بدستور جاری رہیں اور جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک گھر جس طرح صاف ستھرا رہتا ہے اسی طرح مکمل گاؤں کو بھی صاف ستھرا و سر سبز و شاداب بنانے کے لیے پلے پرگتی و پٹنہ پرگتی پروگرام کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آغاز کیا ہے۔ رکن کونسل نے کہا کہ دیہاتوں کی جامع ترقی بھی وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ رکن کونسل نے بتایا کہ پلے پرگتی پروگرام کا مقصد معیار زندگی بہتر بناناہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی آزادی کے 70 سالوں میں کبھی دیہاتوں کی ترقی نہیں ہوئی لیکن حصول تلنگانہ کے سات سالوں میں دیہاتو ں کی بڑی ترقی ہوئی ہے۔ دیہاتوں کے سرپنچوں اور ایم پی ٹی سیز کو درکار فنڈ دیتے ہوئے دیہاتوں کی ترقی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی واحد ریاست تلنگانہ ہے جہاں دیہاتو ں کی ترقی کے لئے پلے پرگتی پروگرام کو روشناس کروایا گیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کچھ فلاحی اسکیموں کے نفاذ میں تاخیر ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود بہت سی اسکیموں پر کامیابی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کے دور میں بھی ایک وقت بھی مشن بھگیرتا کا پانی نہیں روکا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے ماہ سے تلنگانہ میں 57 سال عمر مکمل کرنے والے تمام ضعیف افراد کو وظائف دئیے جائیں گے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!