اپنی نسل کو اردو پڑھائیں: ممتاز شاعرہ ڈاکٹر قمر سرور (احمدنگر) کی بیدرمیں اپیل

0
Post Ad

بیدر۔ 17/مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری) ”لمحہ ئ فکریہ ہے کہ ہماری لڑکیوں کو انگلش پڑھایاجارہاہے۔ میں اپنی ان طالبات سے اپیل کرتی ہوں جو کل ماں بنیں گی، کہ وہ خود آگے بڑھ کر آنے والی نسلوں کو اردو پڑھائیں۔ اردو نہ پڑھنے سے جو نقصان ہورہاہے اس کابیان پھر کبھی ہوگا“ یہ اپیل اردو کی معروف شاعرہ ڈاکٹر قمر سرور (احمدنگر) نے کی۔ وہ آج نماز جمعہ سے قبل الامین ڈگری کالج موقوعہ بہمنی روڈ بیدر کے الامین عبدالمجید خان میموریل ہال، میں طالبات سے خصوصی خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے مزیدکہاکہ اپنی مادری زبان کے حصول سے ہی زبان کامعیار بنتا اور بڑھتاہے۔ اردو والے اگر رسم الخط کو زندہ رکھتے ہیں تو اس سے اردو زبان زندہ رہے گی“ڈاکٹر قمر سرور نے اس موقع سے طالبات کو اپنی غزلیں اور نظمیں سنائیں جس کو طالبات نے تالیوں کی گونج میں سنناپسند کیا۔ ان کی نظم ”ماں“ کو انتہائی سنجیدگی سے سماعت کیاگیا۔ جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے اس موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ”ڈاکٹر قمر سرور ڈبل ڈاکٹر ہیں، اس کے علاوہ وکیل خاتون اور ڈاکٹر بیٹے دونوں کی ماں ہیں۔ ان کا شمار سنجیدہ شاعرات میں ہوتاہے۔ وہ تحت اور ترنم دونوں طریقوں سے اپناکلام پیش کرتی ہیں۔ان کی شاعری کو طالبات نے جی بھر کر سراہاہے تو اس سے پتہ چلتاہے کہ ان کی شاعری ٹین ایجرز کے دلوں میں جاگزیں ہونے کاہنر رکھتی ہے۔“ الامین ادارہ کی جانب سے اردوتدریس کیلئے ہورہی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے محمدیوسف رحیم بیدری نے کہاکہ الامین جنوبی ہند کامعیاری اور اردو زبان میں جان ڈال دینے والا ادارہ ہے۔ اس ادارہ سے میں خود بھی فارغ ہواہوں۔ اس وقت بیدر ضلع کے الامین اسکول کی شاخوں میں جتنے طلبہ زیرتعلیم ہیں، اس قدر طلبہ بنگلور میں بھی نہیں ہیں۔ یہ بات الامین کے صدرجناب عمراسمعیل خان نے پچھلے دنوں بیدر کے دورہ پر کہی تھی۔ ضلع کا سب سے زیادہ اردو طلبہ کو تعلیم دینے والا ادارہ شاہین ہے۔ اس کے بعد الامین کانمبر آتاہے“ اس موقع پر محمدیوسف رحیم میربیدری نے ڈاکٹر قمر سرور کے لئے اپناقطعہ پیش کیا ؎
آنا تھا اس لئے ضرورآئیں
جانے کس کے فقط حضور آئیں
الامین اردومدرسے میں میرؔ
لئے خود کو قمر سرور آئیں
رحمت اللہ خان رحمت (شیموگہ) نے ڈاکٹر قمر سرور کا تعارف طالبات سے کرایا۔ پروگرام کاآغاز نعت شریف سے ہواجس کو پیش کرنے کی سعادت نوجوان نعت خواں عبدالرحیم نورمحمد نے حاصل کی۔ شہ نشین پرمحترمہ نسرین حمزہ علی اور ڈاکٹر عبدالقادر صدر مسجد امام المدرسین بیدر موجودتھے۔ جناب محمدمعین خان نے انتظامی امور کی دیکھ بھال کی جبکہ میڈیاکوآرڈی نیٹر کی ذمہ داری سخاوت علی سخاوت ؔ نے نبھائی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!