بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے میں حکومت مکمل طور پر ناکام : ویلفیئر پارٹی صدر طاہر حسین

0
Post Ad

بنگلورو: اشیائے ضروریہ پر بھی 5 فیصدجی ایس ٹی کے نفاذ کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے صدر اڈوکیٹ طاہر حسین نےفریڈم پارک میں ایک احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئےشدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔اس دوران انہوں نے بتایاکہ مرکزی حکومت نے دودھ ، دہی اور چھاچھ جیسی اشیائے ضروریہ پر بھی جی ایس ٹی لگا کر مہنگائی کو ایک اور سطح تک پہنچا دیا ہے ۔ اس طرح حکومتوں نے لوگوں کی زندگی کو جہنم بنانے کا کام کیاہے ۔ یہ ایک عوام مخالف فیصلہ ہے۔ اب تک پٹرول ، ڈیزل اور دیگر ضروری چیزوں کی آسمان چھوتی قیمتوں سے لوگ پریشان ہوگئے تھے ۔ ایسے میں اشیائے ضروریہ جیسے چاول، جوار، راگی،دودھ، چھاچھ اور خدمات کو بھی جی ایس ٹی کے دائرے میں لاکر ان کی قیمتیں بڑھانے کا راستہ ہموار کیاگیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ عوام کے مفادات پورے کرنے والی حکومت ہے یا پھر ان کی زندگی کو عذاب بنانے والی حکومت ہے ؟۔ طاہر حسین نے کہا کہ اشیائے ضروریہ جسے مزدور، غرباء اورمتوسط طبقے کے لوگ ہی روزانہ زیادہ تعداد میں استعمال کرتے ہیں۔ان چیزوں پر جی ایس ٹی نافذ کرنے کا مطلب عام زندگیوںپر بوجھ بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے سے عوامی آمدنی میں اضافہ نہیں ہوگا ۔ اس سے اقتصادیات پر بھی منفی اثرات رونما ہوتے ہیں۔ دودھ اور دہی پر جی ایس ٹی لگانے کے حکومتی اقدامات سے کسان مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے یہ فیصلہ کارپوریٹ کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے لیا ہے۔ جس کی وجہ سے حکومت عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ کارپوریٹ کمپنیوں اور امیر تاجروں کو ٹیکس میں چھوٹ دے کر ان کی حمایت کرتی ہے ۔ایسی حکومت کو عوام کی کوئی پروا نہیںہے۔ حکومت کا یہ فیصلہ انتہائی عوام دشمن ہے۔ مرکزی حکومت ریاستوں کودئے جانے والامعاوضہ نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے حکومت سے ضروری اشیاء پر جی ایس ٹی واپس لینے کا پرزور مطالبہ کیا۔اس موقع پر پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری حبیب اللہ خان، خواتین ڈویژن کی ریاستی صدر طلعت یاسمین، بنگلور نارتھ ڈویژن کے صدرصفیر آصف،سکریٹری، فضل احمد، معین الدین، قمر سلیمان، سلام اور دیگر موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!