ویلفیئر پارٹی آف انڈیا مرکزی و بعض ریاستی حکومتوں کی جانب سے مسلمانوں کو پریشان کر نے، ان کی تحقیر کر نے اور ان کو ناکردہ گناہوں کی سزا دینے کے طرز عمل کی پر زور مذمت کر تی ہے۔

پریس بیان

0
Post Ad
ویلفیئر پارٹی کے ریاستی لیڈر اور پارٹی کی مرکزی ورکنگ کمیٹی کے معزز ممبر جناب جاوید محمد کی پریاگ راج پولیس کے ذریعہ غیر قانونی گرفتاری، ان کے رہائشی مکان کا غیر قانونی انہدام انتہائی شرمناک اور دستوری ہند کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس طرح پریاگ راج اور یوپی کے دیگر شہروں جیسے سہارنپور، کانپور وغیرہ میں سیکڑوں پر امن مسلم مظاہرین کی گرفتاری، سیکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف ایف ائی آر  اور  کانپور و سہارنپور میں بعض بے گناہ افراد کے گھروں کا انہدام بھی ایک ظالمانہ اور   غیرقانونی قدم ہے،ویلفیئر پارٹی آف انڈیا اس کی پرزور  مذمت کر تی ہے۔ اسی طرح رانچی میں دو کمسن مسلم بچوں کی شہادت اور متعدد افراد کا زخمی کیا جانا انتہائی ظالمانہ قدم ہے، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا مطالبہ کر تی ہے ریاستی حکومت مہلو کین اور زخمیوں کے ورثا کو بھرپور معاوضہ ادا کرے اور رانچی، پریاگ راج، سہارنپور اور کانپور کے خاطی پولیس و دیگر سرکاری  افسران کے خلاف قانونی چارہ جو ئی کی جائے۔
یوپی میں ویلفیئر پارٹی آف انڈیا اور اس کے رہنماؤں کو صرف اس وجہ سے ہدف بنایا جا رہا ہے کہ اس نے صوبائی انتخابات میں سماج وادی پارٹی اور  اکھلیش یادو کی یکطرفہ حمایت کی تھی۔ پارٹی کے قومی صدر اور دیگر سینٹرل اور ریا ستی رہنماؤں کی اکھلیش یادو جی کے ساتھ کئی دور کی ملاقاتیں ہو ئی تھیں۔ جاوید محمد جو کہ پارٹی کی  فیڈرل ورکنگ کمیٹی  کے ایک معزز ممبر ہیں، ان ملاقاتوں میں بھی شامل تھے اور پارٹی کی جانب سے چائل اسمبلی سیٹ سے انھیں نامزد کیا گیا تھا۔ دراصل   بی جے پی اور یوگی حکومت ریاست سے  حزب مخالف کو ختم کرنا چاہتے ہیں،ویلفیئر پارٹی کے خلاف یہ اقدام دراصل اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ویلفیئر پارٹی یہ واضح کر دینا چاہتی ہے کہ پریاگ راج کا یہ انہدام انتہائی غلط بنیادوں پر کیا گیا، جو گھر گرایا گیا وہ جاوید صاحب کا نہیں بلکہ ان کی اہلیہ  پروین فاطمہ کا تھا جو ان کے والد نے انھیں شادی سے قبل ہی دیا تھا۔ اس کا ادل رو زسے  باضابطہ نگر نگم میں ٹیکس جمع کیا جارہا ہے اور گھر پر جو نوٹس چند گھنٹوں پہلے  چسپاں کیا گیا وہ جاوید کے نام سے ہے نہ کہ پر وین فاطمہ کے نام سے نیز اس سے قبل کو ئی نوٹس نہیں دیا گیا جیسا کہ مشہور کیا جارہا ہے۔
پارٹی کا الزام ہے کہ جاوید محمد اور ان کی بیٹی آفرین فاطمہ جو کہ ویلفیئر پارٹی کے اسٹوڈنٹس ونگ فرٹر نیٹی موومنٹ کی نیشنل سیکرٹری ہیں کو اس لئے بھی ٹارگیٹ کیا جارہا ہے کیونکہ وہ  سی اے اے(CAA) کے خلاف تحریک میں پیش پیش تھے۔ پارٹی جاوید صاحب کی اہلیہ اور ان کی بیٹی کو 10جون (جمعہ) کی رات میں 12:30بجے بغیر کسی وارنٹ کے گھر سے اٹھانے اور 24گھنٹوں تک حراست میں رکھنے کی  بھی پر زور مذمت کر تی ہے جو کہ قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا اس بات کی بھی پر زور مذمت کر تی ہے کہ کسی کو من مانے طور پر مجرم قرار دے کر عدالت کے فیصلے کا انتظار کئے بغیر گھروں کے انہدام کا  جوطرزعمل بی جے پی کی ریاستی حکومتیں اختیار کر رہی ہیں وہ بہت خطرناک ہے اگر اس کو رد نہیں کیا گیا تو پھر کل ہر حکومت  کا مخالف اس کی زد میں آسکتا ہے۔      یہ سوائے جنگل راج کے اور کچھ  نہیں ہے۔
مسلمانوں کو ٹارگیٹ کر نے، انھیں خوفزدہ اور دہشت میں مبتلا کر کے اپنا ووٹ بینک بنانے کا یہ طرز عمل انتہائی غیر منصفانہ اور شرمناک ہے، ویلفیئر پارٹی اس کی پر زور مذمت کر تی ہے۔ ویلفیئر پارٹی مطالبہ کر تی ہے کہ ملک کی عدالت عظمی اس کا  سختی سے نوٹس لے جس نے شہریوں کے بنیادی اور دستوری حقوق کو یر غمال بنا  لیا ہے وگرنہ یہ عمومی ٹرنیڈ بن جائے گا جو ہمارے ملک کے لئے ایک فال بد ثابت ہو گا۔
ویلفیئر پارٹی ان حالات کے تدارک کے لئے تمام قانونی اور دستوری راستے اپنائے گی۔ فیملی کی طرف سے اس غیر قانونی انہدام کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں پیٹیشن داخل کی جارہی ہے اسی طرح پارٹی کی طرف سے نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن، نیشنل مائنورٹی کمیٹی اور نیشنل ویمن کمیشن میں بھی شکایت درج کرائی گئی ہے۔ ہمیں توقع ہے دنیا کی دوسری بڑی جمہوریت میں انصاف اور قانون کی نگاہ میں سب کی برابری والی حیثیت پامال نہیں ہو گی۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا عدالت عظمیٰ سے اپیل کر تی ہے کہ ملک میں مسلم شہریوں کے بنیادیو دستوری حقوق کی پامالی بالخصوص ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں کا  وہ  سوموٹو کاگنیز جینس(Cognigence) لے۔  ویلفیئر پارٹی ان تمام سیاسی پارٹیوں جنہوں نے اس ظالمانہ اقدام اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور جاوید صاحب و آفرین فاطمہ کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کیا ہے کہ ستائش کرتی ہے۔ پارٹی یہ کو شش کرے گی کہ وہ دیگر سیکولر سیاسی پارٹیوں اور سول سو سائٹی موومنٹ کو ساتھ لے کر بی جے پی کی فسطائی اور فرقہ پرست کو ششوں کے خلاف بڑا منچ تشکیل کرے۔
پریس کانفرنس کو مخاطب کر نے والے
ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس قومی صدر، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا
 اجیت سنگھ یادو قومی سیکریٹری، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا
 محمد عارف اخلاق جنرل سیکریٹری، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا، دہلی پردیش
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!