ہماری پوری شخصیت سے اسلام کاتعارف ہو، رائٹرس، میڈیا، اونچے عہدے و مناصب پر فائز اور بااثر افراد سے لازمی ملاقاتیں کی جائیں نائب امیرجماعت اسلامی ہند انجینئر محمد سلیم اور ڈاکٹر سعدبلگامی کی وابستگان ِ جماعت اسلامی ہند ضلع بیدر کوہدایات

0
Post Ad

بیدر۔ 22/جولائی (محمدیوسف رحیم بیدری)انفرادی کام کی طرف رفقاء کی توجہ کم ہوئی ہے۔ اسلئے پروگراموں کی ترتیب میں تبدیلی کی گئی ہے۔ دعوت، اصلاح، تزکیہ اور خدمت کاکام انفرادی طورپر انجام دیناہے۔ جماعت اسلامی سے وابستہ ہر رفیق اپنی حیثیت اور تعلیم کے مطابق اس کام کوانجام دے۔ جس کی تفہیم حلقہ اور مقامی سطح پر بھی کرائی جاچکی ہے۔ ضروری ہے کہ انفرادی سطح پر زیادہ سے زیادہ افرادتک پہنچیں اس کااثر کچھ وقت کے بعد نظر آئے گاان شاء اللہ۔ ملکی وملی مسائل اورمسلمانوں کی پریشانیوں کو حل کرنے کی کوشش کرنا، ریلیف کاکام، سیاسی ضرورت کے وقت صاف وشفاف انتخابات کے لئے کام کرنا،برادرانِ وطن کے ساتھ بھائی چارے کاماحول مضبوط ومستحکم کرنا یہ سارے کام الگ الگ نہیں ہیں۔ ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ یہ بات نہ بھولیں کہ جماعت اسلامی ہند سے وابستہ افراد ہروقت داعی ہیں۔ ہماری پوری شخصیت سے اسلام کاتعارف ہونا چاہیے۔ دیگر کام سے ہماراتعارف نہ ہو۔ اور اسلام کی نمائندگی حکمت سے کریں۔ صحیح جگہ کاانتخاب، کہاں کیاکہنا ہے اس کو طئے کرنے کی ہمارے اندر سمجھ ہو۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ سے حکمت مانگتے رہنا چاہیے۔ یہ باتیں جناب انجینئر محمد سلیم نائب امیرجماعت اسلامی ہند نے کہیں۔ وہ اتوار کی سہ پہر جامع مسجد بیدرمیں جماعت اسلامی ہندضلع بیدرکی جانب سے منعقدہ ”اجتماع برائے وابستگان“ سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔انھوں نے مزید کہاکہ ہمارامیقامی مشن (چارسالہ) میں اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ رابطہ، ملاقاتیں، بات چیت کے ذریعہ اسلام کے بارے میں لوگوں کی رائے مثبت بن سکے۔ یہ کام انفرادی و اجتماعی کردارسازی سے ہوگا۔ ہماری شخصیت ہماراگھر، ہماری شادی بیاہ، دیگر تقریبات سے اسلام کاتعارف ہو۔ ہماری مساجد، ہمارے ادارے، اسکول، بلاسودی سوسائٹیز جیسے خدمت کے ادارے ہیں، یہاں بات کرکے لوگوں کومحسوس ہوکہ اِسلام دراصل کس چیز کانام ہے۔ نوجوانوں، خواتین اور باشعور افراد کے علاوہ بااثر افرادمیں تحریک نفوذ حاصل کرے۔ توسیع کے لئے خواتین اور نوجوانوں کوسامنے رکھاجائے۔ ان کی نفسیات اور ضروریات کو سامنے رکھ کر پروگرام ترتیب دیں۔ رائٹرس، میڈیا کی بڑی شخصیات، حکومتی اونچے عہدے اور مناصب پر فائز افراد سے ملاقاتیں ہوں۔ تاکہ ان کے ذریعہ رائے عامہ بدلی جاسکے۔ ایک منصوبہ کے ساتھ بااثرافراد کو قریب لائیں۔ جماعت اسلامی ہند انبیائی طریقے پر کام کرنے والی تحریک ہے۔ لوگوں کی کامیابی اور ناکامی کے پیمانے بدلے ہوئے ہیں اس پر بحث چھیڑیں۔نائب امیر جماعت کے خطاب سے قبل جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے امیرحلقہ ڈاکٹر محمد سعدبلگامی نے اپنے خطاب میں بتایاکہ وابستگان جماعت کا یہ اجتماع نائب امیرجماعت انجینئر محمد سلیم صاحب سے استفادہ کے لئے ریاست کے مختلف مقامات پر رکھاگیاجن میں آخری یونٹ Jihبیدرشامل رہی۔ بنیادی لازمی کام کے سلسلے میں وضاحتیں، سوالات، مشورے اس نشست میں ہوں گے۔ کام کرتے ہوئے اشکالات پیش آرہی ہوں تو نائب امیرجماعت انھیں ضرور سماعت کریں گے۔ ڈاکٹر بلگامی نے کام سے متعلق بتایاکہ کام دوطرح کے ہوتے ہیں۔ نمبر ایک ماحول سازی کے ذریعہ مشترک مقاصد کو حاصل کرنا۔ جیساکہ فسطائیت ایک ابھر اہوافتنہ ہے۔ نفرتوں کابازار پورے ملک میں گرم ہے۔ یدیلو کرناٹک اور دیگر این جی اوز کے ساتھ لے کر فسطائیت کے خطرے کو کم کرنے کی کوشش کی گئی۔آپسی بھائی چارہ نہ ہو، سننے سنانے کاموقع نہ رہے تو دعوتی کام مشکل ہوجاتاہے۔ ہمیں اپنی بات کہنے کا موقع باقی رہنا چاہیے۔ FDCA، دھارمک مورچہ، سدبھاؤنامنچ کے ذریعہ انسانی حقوق کی بحالی کے جماعت اسلامی ہند نے کام انجام دئے ہیں۔ اس کے لئے دیگر مذاہب کے افراد ہمارے ساتھ ہیں۔ دوسراکام بنیادی اور لازمی ہے۔ جو جماعت کی اولین توجہ کا مستحْْق ہے۔ وہ ہے دعوت، اصلاح، تزکیہ اور خدمت۔جس کو ہمیشہ کرتے رہنا چاہیے۔ خود کو کمیونٹی، مظلوم طبقہ کے خول سے باہر نکال کر اس بات کو قبول کرلیاجائے کہ ”ہم داعی الی اللہ ہیں“۔ خیرامت اور امت وسط ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارا کام ہے کہ اپنے مسائل کے حل کے لئے مقامی سیاسی افراد پر دباؤبنائیں۔ جو ووٹ لیتے ہیں اور جو ووٹ نہیں لے سکے ان تمام سے بات کرتے ہوئے جراء ت سے اپنے مسائل کوحل کرنے کی سعی کریں۔ یہ بات بھی پیش نظر رہے کہ ہم سماجی سطح پر ماحول بنائیں۔ جو وفد کسی کام کے لئے ترتیب دیں اس میں برادران وطن کوبھی ساتھ رکھیں۔ مسلمان اس ملک میں ہمت وحوصلہ سے کام لیں۔ جرأت کا مظاہرہ کریں۔ ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے مسلمانوں کی پوزیشن خراب ہوا ور اسلام کی تصویر بھی متاثر ہو۔ مخالفین کے ایجنڈے کے غلام نہ بنیں۔ وہ ہمیں ڈرانا اور خوف زدہ کرنا چاہتے ہیں، تاکہ مسلمان دعوتِ دین کے اصلی کام سے دور ہوجائیں۔ مختلف شرکاء نے نائب امیر جماعت انجینئر محمد سلیم صاحب سے سوالات کئے۔ جس کے تسلی بخش جوابات دینے کے بعد انھوں نے صدارتی خطاب کیا۔ پروگرام کاآغاز سید عتیق اللہ سکریڑی JIHبیدر کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ جناب محمد معظم امیرمقامی JIHبیدر نے سورۃ البقرہ کی آیت 153کی تذکیرکی۔ناظم ضلع اقبال غازی نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ اور ساتھ ہی انجینئر محمد سلیم نائب امیرجماعت کاتعارف بھی وابستگان جماعت سے کرایا۔دوخواتین کے رکن جماعت بننے پر نائب امیر جماعت کے ذریعہ تجدید ایمان کرائی گئی۔ جناب محمد عارف الدین معاون امیرمقامی jIHبیدر کے اظہار تشکر پر اجتماع برائے وابستگان اپنے اختتام کوپہنچا۔کئی مقامات سے تشریف لائے مردوخواتین اور نوجوانوں کی کثیرتعداد اجتماع میں موجودتھی۔ اس بات کی اطلاع جناب محمد آصف الدین میڈیا کوآرڈی نیٹرjihبیدر نے دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!