الامین اردوہائیرپرائمری اسکول بیدر کے طلبہ وطالبات میں تعلیمی کٹ کی تقسیم،سابق ایم ایل سی ڈاکٹر اروند کمارارلی نے طلبہ سے خطاب کیا

0
Post Ad

بیدر۔ (پریس نوٹ)”اسکول آنے کے بعد طلبہ وطالبات کو دل لگاکر تعلیم حاصل کرنا چاہیے۔ جو ہوم ورک دیاجاتاہے اس کو بھی گھر واپس جاکرمکمل کرنا چاہیے۔ آپ طلبہ کی ضروریات کوہم پور اکرنے کی کوشش کریں گے۔ شرط یہ ہے آپ پڑھنا نہ چھوڑیں۔ جو لوگ کم پڑھتے ہیں وہ زندگی میں بڑی تکالیف اٹھاتے ہیں۔ تمہارا کام ہے کہ تم پڑھ لکھ کر اپنے والدین کانام روشن کرو“ یہ باتیں سابق ایم ایل سی ڈاکٹر اروندکمارارلی نے کہیں۔ وہ آج جمعرات کو الامین اردوہائرپرائمری اسکول میلور بیدر کے طلبہ میں تعلیمی کٹ کی مفت تقسیم کے بعدبحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہم نے بھی زندگی میں جدوجہد کی ہے۔ آپ بھی اس لئے پڑھیں کہ آپ کی تربیت ہوسکے۔ نوکری حاصل کرنے کے لئے نہ پڑھیں۔ موصوف نے اساتذہ سے کہاکہ ”آپ تنخواہ کے لئے طلبہ کو تعلیم نہ دیں۔ بلکہ یہ بچے بھارت کامستقبل ہیں۔ انہیں اپنے بچے سمجھ کر تعلیم دیں۔ جس قدر بچے تعلیم حاصل کریں گے، اس قدرملک ترقی کرے گا“ شاعر وصحافی جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے بتایاکہ ہرسال کی طرح اِمسال بھی طلبہ وطالبات میں تعلیمی کٹ تقسیم کی جارہی ہیں۔ یہ کام اس لئے ضروری ہے تاکہ بچے تعلیم حاصل کرسکیں۔ موصوف نے بتایاکہ الامین سوسائٹی کے تعلیمی اداروں نے ملت کی تعلیمی ضرورت کو ہمیشہ پوراکیاہے۔ میں خود بھی الامین ادارہ سے فارغ طالب علم ہوں۔ ان اداروں میں بے حد غریب طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ان کی تعلیمی ضرورت کو پورا کرنا اہل خیر حضرات کافرضِ عین ہے۔ پروگرام کی صدارت جناب عبدالکلیم صدر مدرس الامین اردو ہائیرپرائمری اسکول، میلور (گاندھی نگر) نے کی۔سابق ایم ایل سی ڈاکٹر ارلی کی شالپوشی اور گلپوشی کے بعد خطاب کرتے ہوئے جناب عبدالکلیم نے کہاکہ سابق ایم ایل سی جناب اروندکمارارلی اقلیتی طلبہ اور اقلیتی مسائل کوحل کرنے کے لئے مسلسل کوشاں رہتے ہیں۔اوروہ خبریں اخبار کی زینت بھی بنتی ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ وہ اقلیتی طلبہ وطالبات کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت کے پاس آئندہ بھی برابر نمائندگی کرتے رہیں گے۔میں ان کی کوششوں کو سلام کرتاہوں اور ان کی صحت اور بہتر زندگی کے لئے دعاگوہوں۔ پروگرام کاآغاز ششم جماعت کی طالبہ فاطمہ بانو کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ششم جماعت کی سفینہ ثمرین نے حمد شریف اور ہفتم جماعت کے سید رضوان نے نعت شریف پیش کی۔جب کہ محترمہ روبینہ آراء نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ مدرس محمد صدیق صاحب اور دیگر معلمات موجودتھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!