ادارہ ادب اسلامی ہند کی بنگلور شاخ کے عہدیداران کا تقرر، پروفیسر عنایت امین کو ادارۂ ادب اسلامی ہند شاخ بنگلورکا صدر اور عبد اللہ سلمان ریاض کوسکریٹری مقرر کیا گیا

0
Post Ad

بنگلور (پریس ریلیز ): ادارہ ادب اسلامی ہند، بنگلور شاخ کی جانب سے ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا جس کی صدارت ریاست کے معروف افسانہ نگار جناب فیاض قریشی، صدر ادارہ ادب اسلامی ہند کرناٹک نے کی۔ اس اجلاس میں نئے اراکین اور عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آیا، جس میں ریاست کے نامور شاعر اور مضمون نگار پروفیسر عنایت امین کو ادارہ ادب اسلامی ہند بنگلور شاخ کا صدر اور مولانا عبد اللہ سلمان ریاض کو ادارے کا سکریٹری مقرر کیا گیا۔جب کہ شاہ ابو الحسن کو خزانچی اور عبد اللہ نادر کو نائب سکریٹری کے عہدے پر فائز کیا گیا۔اس موقعے پر جناب ڈاکٹر ثناء اللہ شریف نے ادارہ ادب اسلامی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کئی برسوں سے شعروادب کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، اور اس کا بنیادی مقصد اسلامی ادب کی ترویج اور ترقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ادارے کو فعال بنانے کے لیے بھرپور کوشش کرنی چاہیے، تاکہ نوجوان نسل میں اردو ادب کا شوق و ذوق پروان چڑھ سکے۔اجلاس میں فیاض قریشی نے اپنے صدارتی خطاب میں نئی کمیٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب یہ ذمہ داری اس کمیٹی کے سپرد کی جا رہی ہے کہ وہ نئے جوش و جذبے کے ساتھ اردو زبان و ادب کی ترویج میں اپنا کردار ادا کرے۔ پروفیسر عنایت امین نے اپنی گفتگو میں ادارے کو مزید متحرک اور فعال بنانے کے لئے اپنے منصوبوں کا ذکر کیا اور کہا کہ باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے ہم ادب اسلامی کی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں۔اجلاس میں موجود دیگر معززین میں جناب شیخ حبیب (نائب صدر ادارہ ادب اسلامی)، انہر سعودی، اکرم اللہ بیگ، سید عرفان اللہ قادری، شفیق الزماں اور ندیم فاروقی شامل تھے۔ عبد اللہ سلمان ریاض کی تلاوت اور انہر سعودی کی نعت سے پروگرام کا آغاز ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض ندیم فاروقی نے انجام دیے۔یہ اجلاس اردو ادب کے فروغ اور اسلامی ادب کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کے ساتھ ختم ہوا کہ ادارہ ادب اسلامی ہند بنگلور شاخ کے نئے عہدیداران اس مشن کو جاری رکھتے ہوئے اردو زبان و ادب کی خدمت کریں گے۔(فیاض قریشی صدر ادارہ ادب اسلامی کرناٹک بنگلور)

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!