الامین ڈگری کالج بیدر کے زیراہتمام ”شادی سے قبل اور بعد کونسلنگ برائے خواتین” کاشاندارانعقاد، طالبات اور ان کی ماؤں نے صدفیصد استفادہ کیا

0
Post Ad

بیدر۔ (نامہ نگار) آج کی نئی نسل کی لڑکیوں اور لڑکوں دونوں کو شادی سے پہلے لازمی کونسلنگ کی ضرورت سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔ گزشتہ نسل کے مقابلے اس نسل کے چیلنجس میں اضافہ ہواہے۔ اسی کے ساتھ سماجی مسائل بڑھے ہیں۔ جس کے لئے معاشرہ، ماحول اور اپنی اپنی تہذیب کے علاوہ دینِ اسلام سے دوری اور مادہ پرستی بھی اس کی وجہ ہے۔ سوشیل میڈیا نے بھی شادی شد ہ جوڑوں کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے ان کے مسائل میں اضافہ ہی کیاہے۔یہاں تک کہ طلاق اور خلع کی نوبت آرہی ہے۔ یہ باتیں حیدرآباد سے تشریف لائیں مہمان اور سماجی جہدکار محترمہ خالدہ پروین جنرل سکریڑی امومت سوسائٹی حیدرآباد نے کہیں۔ وہ آج ہفتہ کو الامین ڈگری کالج بیدر کے زیراہتمام ”شادی سے قبل اور بعد کونسلنگ برائے خواتین” تقریب سے الحاج عبدالمجیدخان الامین میموریل ہال میں خصوصی خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ اپنی توجہ پڑھائی پر دیں، گندگی اور پراگند ہ خیالی سے بچیں۔ سوشیل میڈیا کا صحیح استعمال کریں۔ اچھے لوگوں کے ساتھ سوشیل میڈیا پر جوائن ہوں۔ سائبر کرائم زوروں پر ہے لہٰذا احتیاط کریں۔انھوں نے طلاق کے بڑھنے کی چندوجوہات بتائیں جیسے صبر کی کمی،شوہر اور بیوی کا ایک دوسرے پر بھروسہ نہ کرنا،آپسی پیار ومحبت میں کمی وغیرہ۔ شوہر کے کام کے بوجھ کوبانٹیں۔ اس کی غیرموجودگی میں اس کی اولاد اور اس کے مال کی بھرپور طریقے سے حفاظت کریں۔ محترمہ سیدہ تسنیم سلطانہ PSIٹاؤن پولیس اسٹیشن بیدر نے شرکاء کو کونسلنگ کی اہمیت سے واقف کراتے ہوئے کہاکہ طالبات بلکہ ہر لڑکی کو چاہیے کہ وہ والدین کانام روشن کرے۔ غلط صحبت سے دور رہے۔ اونچے عہدوں کاخواب دیکھنا چاہیے۔ اونچے خواب سے ہی بلند ی کاحصول ممکن ہوجاتاہے۔ شاد ی کے بعد سسرال جائیں تو سسرال کااپنامیکہ سمجھیں۔ ساس سسرکو اپنے والدین کی طرح ٹریٹ کریں۔میاں بیوی دوہی افراد کو کل زندگی سمجھتے ہوئے اپنی شادی سے مذاق نہ کریں۔ انھو ں نے چھیڑ خانی اور دیگر امور سے متعلق 112کو فون کرنے کی تلقین کی اور بتایاکہ پولیس اسٹیشن آپ کی خدمت کے لئے ہمیشہ کھلارہتاہے۔ فون پر بھی اپنی شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔محترمہ اُم حبیبہ ناظمہ شعبہ ء خواتین JIHبیدر نے اپنی تقریر میں کہاکہ یہ پروگرام سورہ فرقان کی آیت 74پرمبنی ہے۔ عورتوں کاخوبصورت لباس صبرہے۔ ماں سے بڑا کوئی دوست نہیں ہوتا۔ ہربات اپنی ماؤں سے شیئر کریں جب تک اپنے اندر تقویٰ نہیں ہوگا ہم دوسروں کی اصلاح نہیں کرسکتے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک کے سے ہوا۔ سمیہ فاطمہ بی ایس سی سال دوم کی طالبہ نے نعت شریف کانذرانہ پیش کیا۔ محترمہ افروز فاطمہ پروفیسر الامین ڈگریکالج بیدر نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔مہمان خصوصی اور مہمان مقررات کے علاوہ سیدہ روبیہ تسنیم اہلیہ صدر قاضی بیدر، محترمہ طاہرہ تسنیم سندھے، محترمہ سیدہ بشریٰ پروین لائف ممبر الامین ایجوکیشنل سوسائٹی بنگلور،محترمہ یاسمین بیگم زوجہ احمد سیٹھ،، ڈاکٹر حرمین شریفین صدر GIOبیدراور محترمہ شاہین کوثر سندھے شہ نشین پر موجودتھیں۔ الامین ڈگری کالج کے اسٹاف نے تمام مہمانان کی شالپوشی اور گلپوشی فرمائی۔ پروفیسر عامر یزدانہ نے اس پروگرام کامختصر تعارف کروایا۔ محترمہ کریم النساء صاحبہ پروفیسر الامین ڈگری کالج بیدر نے پروگرام کی نظامت کی۔ پروفیسر مونیکا برادار آرگنائزرنے بھی چند کلمات پیش کئے اور کہاکہ مذہب ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہر گز نہیں ہے۔ انھوں نے تمام مہمانوں کاشکریہ اداکیا۔ حافظہ ثناء فردوس بی اے سال دوم کی دعاپر کونسلنگ سے متعلق یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔ ظہرانے کابھی نظم کیاگیاتھا۔ اس بات کی اطلاع الامین ڈگری کالج بیدرنے دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!