بیڑ‘ مہاراشڑا میں مردوخواتین کا قرآنی ورکشاپ دلوں کی اس سرز مین پر قرآنی فصل یقینی بنانے کی ترغیب

0
Post Ad

شہر بیڑ ‘مہاراشڑا کے باوقار دینی و ملی ادارہ قرآن سینٹر اور انسٹی ٹیوٹ آف ٹریننگ فار قرآنک ایپلیکیشنز (اتقان) کے اشتراک سے قرآن مجید کےخصوصی کورس برائے تدبر وانطباق کا اہتمام کیا گیا۔ اس سہ روزہ فری سرٹیفکیشن کورس میں قرآنی آیات پر غور وفکرکرنے اور ان پر عمل کرنےکے سلسلہ میں منتخب آیات کی تفہیم کا اہتمام کیا گیا۔ قرآن سینٹر کے پروگرام ہال میں منعقدہ مرد و خواتین کے الگ الگ ورکشاپس سے تقریباً175مرد و خواتین نے استفادہ کیا ۔

17 تا 19 ستمبر 2023 کے دوران منعقدہ اس سہ روزہ قرآنی کورس میں مرد و خواتین کے علیحدہ سیشن منعقد کئے گے جن میں پاور پوائنٹ کے ذریعہ تفہیم کا نظم کیا گیا۔ہر دن تین گھنٹوں پرمشتمل ورکشاپ منعقد ہوا جس میں پہلے منتخب آیات کی تفہیم ‘سوال وجواب اور مختلف سرگرمیوں کا
اہتمام ہوا اور آخر میں شرکاء کو قرآن مجید پرتدبر اور اس کی آیات کے انطباق کے لئے اسائنمنٹس تفویض کئے گئے۔

مردحضرات کے لئے قرآن مجیدپر غور وتدبر کی غرض سے سورہ آل عمران آیات ۱۹۰ تا ۱۹۴ ‘سورہ فاطر آیات ۲۷ تا ۲۸ کا انتخاب کیا گیا اور قرآنی انطباق کے لئے سورہ آل عمران کی آیات۱۳۳ تا ۱۳۴ منتخب کی گئیں۔اور آخر میں سورہ النحل‘ سورہ الحدید‘سورہ النجم اور سورہ لقمان کی منتخب آیات پر مشتمل اسائنمنٹس تفویض کئے گئے۔قرآن مجیدپر غور وتدبر کے لئے برائےخواتین سورہ الواقعہ آیات ۶۸ تا ۷۰‘سورہ عبس آیات ۲۴ تا ۳۲‘سورہ النحل آیات ۹۶ تا ۹۷ کاانتخاب کیا گیا اور قرآنی انطباق کے لئے سورہ لقمان کی آیات ۱۲ تا ۱۹ منتخب کی گئیں۔اور آخرمیں سورہ النحل‘ سورہ الرعد‘سورہ الروم‘سورہ لانعام اور سورہ لقمان کی منتخب آیات پر مشتمل اسائنمنٹس تفویض کئے گئے۔مرد وخواتین نے دلچسپی اور دلجمعی سے ورکشاپ کے دوران تبادلہ خیال میں حصہ لیا اور بڑی توجہ وانہماک سے مختلف سرگرمیاں انجام دیں ۔ اسائنمنٹس کی تکمیل کے بعد اظہار خیال کیا اور بعدازں شرکاء ہی کے درمیان سوالات وجوابات کا سلسلہ جاری رہا‘اورآخر میں ان کی رہنمائی کی گئی۔

قرآن مجید کی تفہیم کے سائنسی طریقہ کار‘زومنگ ٹیکنک اور باہم تبادلہ خیال کے طریقہ کو شرکاء نے کافی مفید محسوس کیا ۔اس دوران نہ صرف جدید ٹیکنالوجی اور موجودہ حالات کی روشنی میں قرآنی آیات کی تفہیم کا اہتمام کیا گیا بلکہ شرکاء کوتدبر وانطباق کے مراحل میں عملاً شامل کرایا گیا۔یہی اللہ کے کلام کی خوبصورتی ہے ۔یہ قرآن مجید اپنے پڑھنے والوں کو ساتھ لےکر چلتا ہے۔ آفاق وانفس کی سیر کراتے ہوئے انکے ضمیر بیدار کرتا ہے۔ اور صالح مزاج تشکیل دیتا ہے تاکہ وہ پوری دلجمعی اور یکسوئی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل پیرا ہوں ۔

مرد وخواتین کے علیحدہ ورکشاپس قرآن سینٹر کے صدر نصیر احمد خان صاحب اور اتقان کےڈائریکٹر محمد عبد اللہ جاوید صاحب کی زیر نگرانی منعقد ہوئے ۔آغاز ہی میں شرکاء کے سامنےقرآن مجید سےمتعلق بنیادی باتیں واضح کردی گئیں۔ جیسے یہ ساری کائنات ‘قرآن کا عملی نمونہ بنی ہوئی ہے۔یعنی قرآن میں آیات موجود ہیں اور باہر کی دنیا میں جو بھی نظر آتا ہے وہ سب اللہ کی آیات ہیں۔ آسمانوں اور زمین میں بے شمار نشانیاں (آیات)پھیلی ہوئی ہیں۔قرآن مجید ان سب کےبارے میں مختلف انداز سے کلام کرتا ہے۔ انسان کو اپنے اطراف واکناف کی تمام چیزوں کو قرآنی نگاہ سے دیکھنے کی ترغیب دلاتا ہے۔ یہی قرآن مجید پر غور وفکر کا مطلب ہے کہ انسان کا دہراتعلق قائم رہے‘ ایک اللہ تعالیٰ کی اس کتاب سے اور دوسرا ‘باہر کی دنیا سے۔ جہاں تک قرآنی تعلیمات پر عمل کا تعلق ہے‘ اس سےمراد یہ کہ جیسے یہ ساری کائنات ‘ اللہ کے دین کے مطابق عمل کررہی ہے(دیکھئے سورہ النحل آیت ۵۲)‘ ویسے ہی انسان کو اپنے پیدا کرنے والے خالق و مالک کی بات مان ‘ کر اسکی مرضی کے مطابق زندگی گزارنی چاہئے‘جس کا تفصیلی ذکر قرآن مجید میں موجود ہے۔

کورس کے اختتام پرمرد وخواتین کے لئے علیحدہ اختتامی پروگرام کا اہتمام ہوا ۔خواتین کے اختتامی سیشن میں مہمان خصوصی کے طور پرصبیحہ بیگم صاحبہ ‘ سکریڑی انجمن اشاعت تعلیم کےعلاوہ ڈاکڑ شاہین صاحبہ ضلعی ناظمہ اور قیصر جہاں صاحبہ مقامی ناظمہ شریک رہیں۔ صبیحہ صاحبہ نے اظہار خیال میں قرآنی کورس کو شہر بیڑ کے لئے بڑا ہی مبارک اور مفید بتایا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کے ذریعہ خواتین کی شخصتیں بدلیں گی اور وہ آگے بڑھ کر اپنی اولاد کی بہترین انداز سے تربیت کا فریضہ انجام دیں گیں۔آپ نے اس کام کے لئے قرآن مجید سے صبر و شکر کا درس لینے کی جانب خواتین کو خصوصی طور سے متوجہ کیا۔اور کہا کہ انہیں خوبیوں کے ذریعہ گھر اور افراد خاندان کو ساتھ لے کر چلنا اور ان کےمسائل میں دلچسپی لے کر انہیں
حل کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔ ان مہمان خواتین کے ہاتھوں تمام شرکائے کورس میں اسناد تقسیم کئےگئے۔

مردوں کے اختتامی سیشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک نصیر احمد خان صاحب نے قرآنی کورس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی او ر اس کے اچھے اثرات مرتب ہونے کی اپنی نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ آپ نے موجود ہ حالات اور معاشرے میں بڑھتی بدعنوانیوں کے پس منظر میں اولاد کی تربیت پر زیادہ زور دیا اور کہاکہ آپ ہی کے گھر سے نئی نسل تیار ہوگی ۔گھر میں والدین کا اصل کام ‘اولادکی تربیت کرنا ہے‘اس بات کو آپ ہمیشہ یاد رکھیں۔اگر آج آپ اپنی اولاد کی تربیت نہیں کریں گے تو مستقبل میں سوائے نقصان اور رسوائی کہ کچھ ہاتھ آنے والا نہیں۔موصوف نے اپنے قرآن سینٹر کی آٹھ سالہ خدمات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اس کے ذریعہ مردو خواتین اور ملت کے نونہالوں میں دینی بیداری کا منظم کام انجام پا رہا ہے اور قرآن مجید کی تلاوت اور اس کے فہم وشعور کے لئےمختلف کورسز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔اس مرکز سے بھرپور استفادہ کیلئے آپ نے توجہ دلائی ۔

اس کے بعد محمد عبد اللہ جاوید صاحب نے کورس کے انعقاد پر اللہ تعالیٰ کاشکر ادا کیا اور منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب آپ کی زندگی ‘قرآن کے ساتھ گزرنی چاہئے۔زندگی کا سفر ‘قرآن کے ساتھ ہوتا رہے‘کبھی اس میں کمی آنے نہ دیں۔ اس قرآنی سفر سے مراد رسول اللہ ﷺ کا وہ ارشاد مبارک ہے جس میں قرآن مجید کو اللہ کی رسی سے تعبیر کیا گیا جس کا ایک سرا اللہ کے ہاتھ میں ہے اور دوسرا دنیا والوں کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے۔لہذا قرآن مجید پڑھنا‘ اس کی آیات پر تدبر اور عمل کرنا‘ ایسا ہی جیسے اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم کرنا۔آپ نے کہا کہ قرآن مجید سے رہنمائی کے لئے اصل اہمیت دلی آمادگی اور پیش قدمی کی ہے۔جو خلوص دل کے ساتھ قرآن مجید سے رجوع کرتے ہیں‘اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت سے سرفراز فرماتا ہے۔ ان کی انفرادی اور اجتماعی زندگیاں ‘قرآنی تعلیمات کا عملی نمونہ بن جاتی ہیں۔وہ چلتا پھرتا قرآن نظر آتے ہیں ۔ان کا کا کردار ‘ قرآنی کردار میں ڈھل جاتا ہے۔ ان کا گھراور خاندان‘قرآن کا مسکن بن جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ ان کے ساتھ معاشرہ کے لوگوں کو جوڑدیتاہے جو اپنے مسائل کے حل کے لئے اور اپنی زندگی کو پرامن اور خوشگوار بنانے کی خاطر ان سے جڑنے میں اپنی خوش نصیبی سمجھتے ہیں۔آپ دیکھ لیجئے اللہ کے رسول ﷺ کے زمانے میں صحابہؓ اور صحابیاتؓ کا ایسا ہی معاملہ تھا۔ لہذا قرآن مجید سے گہرا شغف پیدا کیجئے اور دلوں کےشہر کی سرزمین پر قرآنی فصل یقینی بنائیے۔

آخر میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک شفیق ہاشمی صاحب اور نصیر احمد خان صاحب کے ہاتھوں شرکاء میں اسنادتقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کورس کو بڑا مفید بتایا اور دی گئی رہنمائی کے مطابق قرآن مجید پر غور وفکر اور عمل کرتے ہوئے زندگی گزارنے کاارادہ ظاہرکیااور کورس کو مزید بہتر بنانے کے لئے مفید مشورے دیئے۔

اس کورس کے کامیاب انعقاد میں قرآن سینٹر کی صدر نصیر احمد خان صاحب‘ ان کے صاحبزادے عبد الغفار خان صاحب‘ ڈاکڑ سید عامر صاحب ‘ ، ڈاکڑ سیدہ شاہین صاحبہ کےعلاوہ کرناٹکا سے شرکا ء سے رابطہ قائم رکھنے میں اسری فاطمہ صاحبہ ‘ عائشہ صدیقہ صاحبہ اور عبد الحسیب طرفدار صاحب کا بڑا سرگرم تعاون رہا۔

امت کے نوجوان مرد وخواتین کو قرآن مجید سے وابستہ کرنے اور انہیں اس کتاب ہدایت کا عملی نمونہ بنانے میں الحمد للہ یہ قرآنی کورس برائے تدبر وانطباق بڑا مفید ثابت ہوا ہے۔اپنے مقامات پر اس کورس کا اہتمام کرنے والے خواہش مند احباب ذیل میں درج نمبرات پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!