ہرماہ تین اضلاع میں وقف عدالت کااہتمام کیاجائے گا:وزیر اوقاف ضمیراحمد خان صبح 11بجے کے بجائے وقف عدالت ایک بجے دوپہر کے بعد شروع ہوئی

0
Post Ad

بیدر۔ (محمدیوسف رحیم بیدری)ہاؤسنگ، وقف اور اقلیتی بہبود محکمہ جات کے وزیر بی زیڈضمیراحمد خان نے کہا کہ وقف اراضی پر قبضہ سمیت دیگر مسائل پر عوام کی شکایات حاصل کرنے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر ماہ 3 اضلاع میں وقف عدالت کا انعقاد کیا جائے گا۔وہ پیر کو پٹیل فنکشن ہال، حیدرآباد روڈ، بیدر میں محکمہ اقلیتی بہبود، وقف اور کرناٹک اسٹیٹ اوقاف بورڈ کے زیر اہتمام وقف عدالت پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعدخطاب کررہے تھے۔بیدر ضلع میں پہلی بار وقف عدالت پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کھاتہ، قبرستان کی اراضی اور دیگروقف اراضی سے متعلق کل 178 شکایات لوگوں کی طرف سے آئی ہیں اور میں اس پر بات کرنے اور انہیں معاوضہ دینے کے لیے عہدیداروں کی میٹنگ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں مسلم کمیونٹی کے بہت سے لوگ رہتے ہیں وہاں اگر کوئی قبرستان نہیں ہے اگر وہاں سرکاری اراضی ہے تو اسے تدفین کے لیے زمین دینے کی اجازت ہے۔ریاست کے چار حصوں بشمول کلبرگی اور منگلور میں حج عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ ہم یہاں ان کے مسائل سننے آئے ہیں۔ وقف جائیداد کسی کی نہیں، خدا کی ہے اور جس نے بھی اس پر قبضہ کیا اسے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کی تمام درخواستوں کو پہلی ترجیح کے طور پر دیکھا جائے گا اور ان کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔میونسپل ایڈمنسٹریشن اور حج کے وزیر رحیم خان نے کہا ”ہمارے ضلع کے زمینی مسائل کو سننے کے لیے بیدر ضلع کو 3 دن کا وقت دینے پر ضلع کے تمام لوگوں کی طرف سے وزیر اوقاف کو مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ ضمیر احمد خان جب بیدر ضلع میں آنے سے قبل وقف اراضی کے آدھے مسائل کو حل کرلیا ہے اور دیگر مسائل پر عہدیداروں سے بات چیت کی جائیگی۔قانون ساز کونسل کے رکن جناب عبدالجبار نے کہا کہ قبرستان کی اراضی اور مساجد کے مسائل کی نمائندگی کے لیے کئی اطراف سے لوگ آئے ہیں اور متعدد جگہوں پر وقف املاک پر قبضہ کیا گیا ہے، ان کے تمام مسائل کو حل کرنا ہماری بڑی ذمہ داری ہے۔وقف بورڈ کے ریاستی صدر انور باشا نے کہا کہ ہم یہاں ان کے مسائل سننے آئے ہیں۔وقف بورڈ کی جانب سے، میں وزیر موصوف کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے ہماری درخواست کو قبول کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50 سے 60 فیصد مسائل حل ہو جائیں گے۔لوگوں نے وزیر کی توجہ قبرستان کی اراضی کا معاملہ، وقف اراضی پر تجاوزات، کمیٹی کے مسائل جن میں کمیٹی کے حوالے سے متعدد درخواستیں لائیں ان پر الگ سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صرف وقف اراضی کے حصول اور میوٹیشن اور قبرستان کی اراضی سے متعلق معاملات پر توجہ دیں۔ وزیر نے وعدہ کیا کہ وہ سب کے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کریں گے۔اس پروگرام میں بیدر میونسپل کونسل کے صدر محمد غوث، بیدر ضلع وقف بورڈ کے صدر محمد فیروز خان، کانگریس قائدایاز خان،محکمہ اقلیتی بہبود، ضلع وقف بورڈ، اوربیدر میونسپل کونسل کے عہدیدار اور دیگر موجود تھے۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ جاری کرکے سرکاری ذرائع نے دی ہے۔ واضح رہے کہ وقف عدالت کاوقت صبح 11بجے دیاگیاتھالیکن دوگھنٹے بعد یعنی ایک بجے کے بعدوقف عدالت کاآغاز ہوا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!