اپنی توانائی کو تعمیری مقاصد کیلئے استعمال کریں ،بیدر میں طلبہ کے اجتماع سے اقبال الدین انجینئر کا خطاب

0
Post Ad

بیدر۔ (پریس نوٹ) سیاست ان تدابیر کانام ہے جومعاشرے میں فلاح وبہبود لاتی ہیں اور ظلم وفساد کو روکتی ہیں۔ہمیں چاہیے کہ باہمی تعلقات کی خرابی اور بغض سے بچ کر زندگی گزاریں۔ تدبر معرفت کاخزانہ ہے۔ تدبر کامعیار یہ ہے کہ اپنے لئے نصیحت حاصل کریں۔ مشکل ہمیشہ آدمی کی اپنی سوچ کا نتیجہ ہوتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی توانائی کو تعمیری مقصد کے لئے استعمال کریں۔ ان خیالات کااظہار اقبال الدین انجینئر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مسجد شاہ خاموش ؒ بیدرمیں کیا۔ موصوف نے مزید کہاکہ نبی کریم ﷺ نے عدل وانصاف اور مساوات کی تعلیم دی۔ یہ بھی آپ ﷺ نے فرمایاکہ جس میں حیانہیں اس میں ایمان نہیں۔ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ سے ایک شخص نے پوچھا کہ آپ ؒ نے خداسے کیاحاصل کیا؟ فرمایا ”علم وادب“ ہمیں چاہیے کہ تفرقہ سے بچ کر زندگی گزار یں۔ صبراور ثابت قدمی اختیار کریں۔ ہوس اور خواہشات انسان کی ہلاکت کا سبب بنتے ہیں۔ موجودہ معاشی بحرانی سے بچنے کے لئے خوب محنت کریں۔ ہمیشہ Top Tenمیں رہنے کی کوشش کریں۔ نماز کی پابندی کے ساتھ ساتھ گناہوں سے بچ کر زندگی گزارنے کی کوشش کریں۔ استغفار اور توبہ رزق کی کشادگی کا موجب وسبب ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے استغفار کا اپنے بندوں سے مطالبہ کرتے ہیں جس استغفار میں زبان کے ساتھ دل بھی شامل ہو۔ اگر لوگ اپنی زندگی گزارنے میں اللہ کی پسند اور مرضی کالحاظ نہیں رکھیں گے تو اللہ بھی اپنے بندوں کی پسند کالحاظ نہیں رکھیں گے۔ آج ہر شخص کو موجودہ حالات ناپسندیدہ نظر آرہے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم نے رب کی پسندیدہ زندگی سے ہٹ کر اپنامعمول بنالیاہے۔ تقویٰ یہ ہے کہ ہم جائز چیزوں کے حریص ہوں۔ عادل وہ ہے جو اپنے اقوال وافعال میں اللہ سے ڈرتاہو۔ اللہ پاک ہے، پاکیزہ چیزوں کوپسند فرماتاہے۔ اس کی بارگاہ میں پاکیزہ قول وعمل شرف ِ قبولیت سے نوازے جاتے ہیں۔ موجودہ انسانوں میں نیکی اور بدی دونوں موجود ہیں۔ توبہ واستغفار سے زندگی گزارنا چاہیے اور گناہوں سے پاک ہوجائیں تو ان شاء اللہ تعالیٰ امید ہے کہ اللہ حساب کے دن ہمیں معاف فرمائے گااورجہنم کی آگ سے نجات دلائے گا۔ پاک ہے اللہ جس کی حکمت ہماری عقلوں سے بالاترہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!