بیدر میں ”مساوات پر مبنی سماج کے علمبر دار:حضرت محمد ﷺ“ موضوع پر سیمپوزیم کا کامیاب انعقاد محمد ﷺنے ہر فرد کو متعین حق دلا کر معاشرے میں مساوات قائم کیا، غیر مسلم دانشوروں کا اظہارِ خیال

0
Post Ad

بیدر: (پریس ریلیز) محمد ﷺنے انسانوں کو بت پرستی سے نکال کر ایک اللہ کی اطاعت و فرما نبرداری کا خوگر بنایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکمت کی تعلیم دی اور بہت ہی احسن انداز میں نصیحت کی اور لوگوں کو گناہوں سے بچایا۔ ان خیالات کا اظہارجناب سعید اسماعیل ناظم علاقہ جماعت اسلامی ہند منگلور ونے جماعت اسلامی ہند، بیدر کے زیراہتمام یہاں رنگ مندر، بیدر میںمنعقد”مساوات پر مبنی سماج کے علمبر دار حضرت محمد ﷺ“ موضوع پر سمپوزیم اور ”ننا ارونا پروادی“ کتاب کی رونمائی پروگرام کے صدارتی خطاب میں کیا۔ موصوف نے قرآن مجید کی مختلف آیتوں کے حوالے سے انبیا علیہ وسلام کی بعثت،مشن اور سرگرمیوں کو پیش کیا۔سمپوزیم کا افتتاح بدست عالیجناب رحیم خان وزیر میونسپل اڈمنسٹریشن و حج حکومت کرناٹک نے کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے اپنے اظہار ِ خیال میں بتایا کہ اسلام امن اور بھائی چارہ کا مذہب ہے اور میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ ہماری ریاست، ملک اور بالخصوص بیدر میں امن اور بھائی چا رہ قائم رہے اور مزید پروان چڑھے۔ ہر انسان ایک دوسرے کے دکھ درد میں شامل ہوں اور بیدر کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائیں۔ ڈاکٹر سدرام شرنر و بیلدارصدر بسوا مہامنے ٹرسٹ بسواکلیان نے کہا کہ محمدﷺ جہالت کی تمام رسم و رواج اور عصبیت کو اپنے پیروں تلے روند ڈالا،ہر قسم کے امتیاز کو ختم کر دیا چاہے وہ رنگ و نسل کا ہو یا علاقے کا۔ انہوں نے کہا کہ محمدﷺ کی تعلیمات یہ ہیں کہ اللہ ایک ہے اور تمام انسان برابر ہیں۔ نماز کی مثال دیتے ہوئے موصوف نے کہا کہ مساوات پر مبنی سماج کی یہ ایک عمدہ مثال ہے۔ پروفیسر بی ایس برادر پروفیسر پر میشور نائک ٹی رجسٹرار بیدر یونیورسٹی بیدر نے کہا کہ محمد ﷺ نے انتہائی صبر و تحمل اورعفوو درگزر کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرے میں بھائی چارہ اور مساوات کو فروغ دیا۔ موصوف نے مزید کہا کہ محمدﷺ نے پاکی و صفائی اور تعلیم پر بہت زیادہ زور دیا ہے، ان باتوں پر آج سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ معاشرہ پاک و صاف ہو اور جہالت دور ہو سکے۔ڈاکٹر سید حسام الدین عزیز صدر قاضی بیدرنے کہا کہ تمام انسان آپس میں بھائی بھائی ہیں، سورہ حجرات کی آیت نمبر 13 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالی نے انسان کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ پسندیدہ وہ شخص ہے جس کے اندر تقوی ہے۔مولوی محمد فہیم الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ محمدﷺ نے انسان کو خدا سے جوڑا اور اللہ کی کتاب سے جوڑا، تا کہ وہ کامیاب ہو سکیں۔ محمد ﷺ نے عورتوں کے مقام کو بلند کیا اور کہا کہ شوہر کے حق میں اگر بیوی شہادت دے کہ وہ اچھا ہے تو وہ کامیاب ہے۔ڈاکٹر سُنیا کو ڈلیکر لکچرار کرناٹک کالج بیدرنے کہا کہ میں محمدﷺکے بارے میں کچھ نہیں جانتی تھی، لیکن جماعت اسلامی کے اس پروگرام کی خاطر میں نے محمد ﷺکی سیرت کا مطالعہ کیا، اور آپ ﷺ کی سیرت سے بہت متاثر ہوں۔ سمپوزیم میں ڈاکٹر رام چندر گانا پورلکچرار بیدر یو نیورسٹی بیدر کنڑ ا نعت شریف پیش کیا۔ ”ننا ارونا پروادی“ کتاب کی رونمائی جناب سریش چن شٹی صدر کنڑ اساہتیہ پریشد ضلع بیدر کے ہاتھوں ہوئی،جبکہ اس کتاب کا تعارف ڈاکٹر بسواراج بلور پرنسپال کرناٹک پی، یو کالج، بیدر پیش کیا۔ محمدمعظم امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر بیدر نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت محمد ﷺ خاتم النبیین اور رحمت اللعالمین بنا کر بھیجے گئے، آپ ﷺ بنی نوع انسان کی خیر خواہ تھے، انسانوں کو جہنم کا ایندھن بننے سے روکنا ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا مشن تھا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو معاشرہ وجود میں لایا اس کی بنیاد توحید پر رکھی اور ہر فرد کو متعین حقوق دلاکر معاشرے میں مساوات کو قائم کیا۔اس پروگرام میں مفتی محمد فیاض الدین نظامی امام و خطیب جامع مسجد بیدر، محمد غوث الدین صدر بلدیہ بیدر، شاہ حامد قادری سیکرٹری جمعیت اہل حدیث بیدر، گرونا تھ گڑے کنوینر سد بھا ؤنا من ضلع بیدر، ڈاکٹر جئے سری بھرسٹی، گیانی در بارا سنگھ مینجر گردد دارو پر بندھک کمیٹی بیدر، جناب اوم پرکاش روٹے کنوینر یدیڑو کرناٹک ضلع بیدر، محمد آصف الدین رکن شوری جماعت اسلامی ہند حلقہ کرناٹک، محمداقبال احمد ناظم ضلع، ایم ایس منوہر صدر کنڑ ا سابیتہ پریشد تعلقہ بیدر، برادر محمد سیف الدین صدر ایس آئی او بیدر، محترمہ اسما عارف قائم مقام ضلعی ذمہ دار جماعت اسلامی ہند ضلع بیدر، محترمہ سیدہ ام حبیبہ ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند بیدراور بہن صفورہ انجم صدر جی آئی اُو بیدربحیثیت مہمانان خصوصی شہ نشین پر موجود رہے۔ سیمپوزیم کا آغاز انجینٔیرحافظ سید عتیق اللہ سیکرٹری جماعت اسلامی ہند بیدر کی قرات کلام پاک سے ہوا، جسکا کنڑا ترجمہ سید فرقان پاشاہ نے پیش کیا۔محمد نظام الدین ناظم سیمپوزیم نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔اس موقعہ پر جماعت ِ اسلامی ہند، شہر بیدر کی جانب سے نومنتخب صدر بلدیہ بیدر محمد غوث الدین اور عالیجناب رحیم خان وزیر میونسپل اڈمنسٹریشن و حج حکومت کرناٹک کی شال پوشی اور بطور تحفہ اسلامی کتب پیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔یاد رہے مقامی سطح پر سیرت مہم کے موقع پر جماعت ِ اسلامی کی طلبہ تنظیم ایس آئی او کے ذریعہ مضمون نویسی کے مقابلہ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں کامیاب طلبہ کونقد رقم انعامات واسنادات اور گل پوشی سے نوازا گیا، درگمامتعلم بلال بی ایڈ کالج، بیدر نے انعام اول،محمد ریحان متعلم شاہین ڈگری کالج نے انعام دوم اور لائبہ مہوش متعلم شاہین ڈگری کالج، بیدر نے انعام سوم حاصل کیا۔رحمۃ اللعالمین ﷺکی عظمت میں منعقدہ اس سمپوزیم میں مسلم اور برادرانِ وطن مرد وخواتین کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ سمپوزیم کے اختتام پر پُر تکلف ظہرانہ کاانتظام کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!