حجاج اکرام میں تبدیلی ناگزیر، حاجیوں کو معاملات اور عملی زندگی میں اسلامی نمونہ پیش کرنا ہوگا بیدر میں جماعت اسلامی ہند کے زیراہتما م استقبالِ حجاج اکرام پروگرام سے مقررین کاخطاب

0
Post Ad

بیدر: 22/اگست(پریس ریلیز) حج ایک عظیم عبادت ہے، اللہ تعالی جسے نصیب کرتا ہے انہیں  کو حج  کا موقع ملتا ہے، حج کی سعادت اپنی حیثیت اور قدرت سے نہیں بلکہ اللہ کی توفیق سے ملتی ہے، میری سعادت نہیں  ہے کہہ کرسوچتے اور خاموش رہنے کے بجائے اس عظیم سعادت کو حاصل کر نے کیلئے ہمیں  دعا کرنی چاہیے۔ ایک حدیث جس میں  حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا  جو میرے روضہ مبارک کی زیارت کرتے ہیں  اُن پر میری شفاعت لازمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار محمد یوسف کنی سکریٹری حلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے شہربیدر کی جامع مسجد میں جماعت اسلامی ہند کے زیراہتمام منعقد استقبالِ حجاج اکرام پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ موصوف نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج کا فریضہ انجام دے کرآنے والے حاجیوں کو مبارک باد  پیش کی اور کہا کہ جنہیں  سعادت حج  نصیب ہوئی، یاد کیجیے۔۔۔ جب آپ نے احرام باندھا، دراصل آپ نے اپنا کفن باندھاتھا، اُسی احرام میں ساری  دنیا کے سامنے آپ نے اعلان کردیا کہ میں  اپنے  تمام خواہشات کو اپنے پس پشت ڈال کراللہ کی رحمت کے طلبگار ہوں، اسکے گھرکا طواف شروع کیا،  اس کی قدوسیت، ربانیت اور حاکمیت کا اعلان کیا۔ ماں  حاجرہ علیہ السلام کی سنت صفا اور مروہ کی سعی کرتے ہوئے ایک بے بس ماں کی تڑپ کو محسوس کیا اور اللہ کی رحمت اور مغفرت طلب کرتے رہے۔ وقوف عرفہ کیا، دعائیں کیں، خشیتِ ربانی سے دل ودماغ کوتر و تازہ کیا، مساوات کا مظاہرہ دیکھا، جمرات پر شیطان کوپتھر مارا، صبرکیا اور کہا کہ پروردگار میں  نے یہ سب تیرے لیے کیاہے۔ یہاں  تک کہ آخر میں ایک جانورکو ذبح کرتے ہوئے یہ اعلان اور خدا سے یہ وعدہ کیاکہ اے اللہ!  میری جان،  میری عبادتیں، میری قربانی یہاں  تک کہ پوری زندگی سب کچھ تیرے لیے ہے اور ہوگی۔ اب ہمیں اس کا عملی نمونہ پیش کرنا ہوگا۔ محمد معظم امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، شہر بیدرنے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حج اللہ سے قربت کا بے مثال مظہر ہے، الحمد للہ! اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حاجی حضرات اس عظیم فریضہ سے فارغ ہو چکے ہیں۔ ہم میں سے ہر کوئی چاہتا ہے کہ زمین ظلم و زیادتی سے پاک، بد امنی ختم ہو  اور زمین پہ اللہ کی  واحدہُ و لاشریک کی خالص عبادت کی جائے اور تمام باشندگانِ خدا میں  عدل و انصاف عام ہو، زمین کا ہر خطہ امن کاگہوارہ بن جائے۔ دین کی خدمت منظم اُسی  شایانِ شان طریقے پر انجام پائے  جس طریقے کو اپنے آقا علیہ السلام نے دنیا میں  جاری کیا۔ انبیاعلیہم السلام کا مشن رہا ہے کہ اللہ کے پیغام کو بے کم وکاست ہر بندے اور مقام پر پہنچا دیں۔ اس مقصد کے تحت 75 علماء نے 82 سال پہلے ایک جگہ جمع ہوئے اور انہوں  نے جماعت اسلامی کا قیام عمل میں  لایا، تاکہ ایک منظم اجتماعیت کے ساتھ اللہ کے دین کی خدمت کی جاسکے۔محض خداکی رضااور خوشنودی حاصل کرنے کے لیے جماعت اسلامی گزشتہ 82 سال سے اس ملک  میں  کوشش کررہی ہے۔ تمام حجاج سے ہم چاہتے ہیں کہ وہ آگے کی زندگی ایک اجتماعیت سے وابستہ ہوکر داعی الی اللہ کے فریضہ کی انجام دہی اوراللہ رب العالمین  کے لیے وقف کریں، اور یہ سب سے بڑی خوش نصیبی کی بات ہوگی۔ قبل ازیں  منتخب حاجیوں (حفیظ اللہ قادری سابق لیکچرر  بھالکی، محمد بابو میاں، انجینئر توفیق احمد  گادگی، شمشیر صاحب انجینئر) نے اپنے سفرِ حج  کے تاثرات پیش کیے اور بتایا کہ حج در اصل مالی  اور بدنی  دونوں  قسم کی عبادت ہے اللہ تعالی جس پرکرم فرماتا ہے اُنہیں  حج جیسی عظیم سعادت  سے نواز دیتا ہے اور روضہ مبارک کے دیدار سے مشرف کرتا ہے۔ حج کے تمام مناسک کا بڑا روحانی منظر ہوا کرتا ہے، مکہ میں  لاکھوں حاجیوں  کے لئے کئے گئے انتظامات کو اللہ ہی کا کرم سمجھنا چاہیے۔ حج سے ایمانی کیفیت کے ساتھ واپس آئیں۔ نبی کریم ﷺ کے آخری خطبہ حج کو پڑھیں وہی دراصل حاجیوں  کے لئے زاد راہ ہے۔ واپس ہوتے ہوئے وہاں  سے جو نور لے کر آئے ہیں  اس کوساری دنیا میں  عام کریں۔ معاون امیر مقامی و ناظم پروگرام سید ابراہیم نے افتتاحی کلمات میں بتایا کہ حج جیسے عظیم و مبارک سعادت، عبادت اور نعمت عظمیٰ سے سرفراز ہونے کی مسرت اورحجاج اکرام کی دعاؤں سے مستفید ہونے کی غرض سے یہ استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔ شہ نشین پر محمدمعظم امیر مقامی جماعت اسلامی ہند بیدر، محمد یوسف کنی سکریڑی جماعت اسلامی ہندکرناٹک، محمدآصف الدین رکن  شوری جماعت  اسلامی ہند کرناٹک،  رفیق احمد گادگی ناظم علاقہ جماعت اسلامی ہندگلبرگہ،  سید منصور احمد قادری سکریڑی انجمن خادم الحجاج بیدر،  غوث قریشی  سابق کونسلر اور بیدر موجود تھے۔ مردو خواتین کی قابل لحاظ تعداد دیکھی گئی۔ اجلاس کا آغازمحمد ثنا اللہ صدیقی کے درسِ قرآن سے ہوا۔ نظامت کے فرائض سید امجدحسینی موظف مدرس نے انجام دئیے۔ اس موقعہ پر حجاج کرام اور شرکائے اجلاس کیلئے پُرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ معاون امیر مقامی محمدعارف الدین کے اظہار تشکر پر یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ (جاری کردہ: میڈیا انچارج)

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!