نبی کریم ﷺ نے اپنے اخلاق اور اسلام کی اخلاقی تعلیمات کے ذریعہ زندگی کو ایک وحدت میں پرویااور خواتین کی تعلیم پرزور دِیا جماعت اسلامی ہند بیدر کے زیراہتمام سمپوزیم بعنوان ”حضرت محمد ﷺ پیکر ِ اخلاق“سے مولوی محمد فہیم الدین، پرمیشور نائک، رحیم خان اور سید اکبر علی کاخطاب

0
Post Ad

بیدر۔(پریس نوٹ) یہ بات درست ہے کہ عرب کے لوگ اپنی بچیوں کودفن کیاکرتے تھے نبی کریم ﷺ کے آنے کے بعد یہ سلسلہ موقوف ہوااور خواتین کوبڑی عزت دی گئی۔ جس کے نتیجے میں ماں کے قدموں تلے جنت رکھ دی گئی۔ حضرت محمد نے بتلایا کہ ہماراکردار مسجد تک محدود نہ ہوبلکہ وہ کردار ساری دنیا تک پھیلتا چلاجائے۔ اسی طرح حضور ﷺ نے سب سے پہلے دنیا کے سامنے ایک خدا کاتعارف تفصیل سے پیش کیا بلکہ ان کی ساری تعلیم کا محورہی توحید رہا۔ یہ باتیں جناب سید اکبرعلی سکریڑی JIHبیدر نے کہیں۔ وہ آج رنگ مندر میں JIHبیدر کی جانب سے دس روزہ سیرت مہم کے موقع پر رکھے گئے سمپوزیم بعنوان ”حضرت محمد ﷺ پیکرِ اخلاق“ پر صدارتی خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے مزید کہاکہ پروادی (پیغمبر)خود سے نہیں بن سکتے۔ انہیں اللہ تعالیٰ متعین کرتاہے۔ اس زمین پر ندی، نالے، تالاب، سمند ر، جنگل، صحرا سبھی کچھ ہے۔ سورج، چاند، تارے ہیں اور یہ اپنی اپنی ڈیوٹی پرلگے ہوئے ہیں۔ سورج کوچمک کرانسانوں اور دیگر مخلوقات تک روشنی پہنچانی ہے۔ اس دنیاکی سب سے اہم چیز انسان ہے۔ اگروہ نہ ہوتو یہ دنیا ختم ہوجائے۔ موصوف نے حضورﷺ کے پیغام کو بتایاکہ انھوں نے ایک خداکی پرستش کی تعلیم دی۔ آپسی تعلقات کو بتلایا۔ والدین کی خدمت میں جنت اور ان کی نافرمانی میں دوزخ ملنے کی بات بتائی۔ آج ہمارے والدین اولڈ ایج ہوم میں ہیں زندگی گزاررہے ہیں جو ایک افسوسناک صورتحال ہے۔ سماج کو اس عمل سے باز آنا چاہیے۔ جناب اکبرعلی نے کہاکہ شوہر اگر گھر پہنچے تو خواتین کو چاہیے کہ وہ مسکراکر ان کااستقبال کریں۔ یہ تعلیم بھی نبی کریم نے دی ہے۔ خونی رشتوں کو توڑنے والے پر جنت حرام قرار دی گئی ہے۔ ہم پڑوسیوں کے حقوق کا خیال کریں۔ سالن بنائیں تو تھوڑ اپتلا کردیں۔ شراب ام الخبائث ہے۔ ہم اپنے معاشرے کو شراب مکت اور ڈرگس مکت سماج بنانا چاہیے۔ یہ دنیا کھیل تماشے کی جگہ نہیں ہے۔ اس زندگی کوذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنے کی تعلیم پروادی محمد نے دی ہے۔ مولوی محمد فہیم الدین صاحب سابق رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے اس سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ﷺ کے بارے میں قرآن کا واضح اعلان ہے کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی سب کے لئے اسوہ ء حسنہ ہے۔ اس دنیا میں اچھے انسان ہیں، اچھے مرد اور اچھی خواتین مل جاتی ہیں۔ اچھے لیڈر اور اچھے تاجر بھی ہیں مگر لوگوں نے زندگی کوتقسیم کیا۔ لیکن نبی کریم ﷺ نے اپنے اخلاق اور اسلام کی اخلاقی تعلیمات کے ذریعہ زندگی کو ایک وحدت میں پرودیا۔آج سیاست میں اخلاق نظرنہیں آتا۔ دوستی، تعلقات، جنگ، رشتہ اور ناطے داری سبھی میں حضور ﷺ نے اخلاق کی ضرورت کو محسوس کروایااور اپنے اچھے اخلاق پیش کئے۔ قدروں کوتوڑنے سے پرہیز کیا۔ آپ نے کہاکہ میری بیٹی فاطمہ بھی چوری کرے گی تو اس کے بھی ہاتھ کاٹ دئے جائیں گے۔ امانت اور وعدے کی پاسداری کا نبی کریم ﷺ کو سب سے زیادہ خیال ہواکرتاتھا۔ محبت، پیار، نرمی، تعلقات ہمارے جیون میں بھی مل جاتے ہیں لیکن نبی کریم ﷺ کے جیون میں 100%ملتے ہیں۔ اسی لئے اللہ نے کہا”ہم نے آپ ﷺ کو اخلاق کے اونچے مرتبہ پر فائزکیاہے“ ایک اور جگہ بتلایاکہ ہم نے آپ کو ڈرانے اور بشارت سنانے والا بنا کر بھیجاہے۔ آپ چاہیں کنڑی زبان بولتے ہوں، تیلگو، ہندی، یاانگریزی بولتے ہوں، کالے ہوں یاگورے۔ نبی کریم ﷺ آپ سب کے ہیں“۔ پروفیسر پرمیشور نائک وائس چانسلر بیدر یونیورسٹی بیدر نے اپنے موثر خطاب میں حضور ﷺ کی پوری زندگی کو بھرپور طریقے سے پیش کیااور کہاکہ پروادی محمد ﷺ نے انسانوں کو بتایاکہ وہ ایک ماں باپ کی اولاد ہیں۔ اپنے اپنے قبیلے کوبڑا بتانے سے زندگی ممکن نہیں ہوتی۔ پروادی کامطلب ہوتاہے اللہ کاپیغام پہنچانے والا۔ آپ ﷺ نے بیوہ سے شادی کی اور اس کارواج ڈالا۔ لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ عرب کے معاشرے میں خواتین کی تعلیم پرزور دِیا۔ حضرت عائشہ ایک کم عمر خاتون تھیں ان سے بھی شادی کی تاکہ اسلام دھرم کی باتیں ان کے ذریعہ بھی لوگوں تک پہنچائی جاسکیں۔ موصوف نے جماعت اسلامی ہند کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ایک اچھاپیغام ہمارے سماج کو دے رہی ہے۔جناب رحیم خان وزیر بلدیہ اور حج نے اپنے خطاب میں کہاکہ اللہ اور حضوراکرم ﷺ کاپیغام صرف مسلمانوں کے لئے نہیں ہے بلکہ ساری دنیا کے رہنے بسنے والے تمام لوگوں کے لئے حضورﷺ کاپیغام ہے۔موصوف نے صاف کہہ دیاکہ 99%لوگ آخرت کی تیاری کی جانب سے غافل ہیں اور بچوں کادنیوی مستقبل ہی بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔جناب محمد معظم امیرمقامی جماعت اسلامی ہند نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ہرسال ایک عنوان پر حضرت محمد ﷺ سے متعلق ابھیان چلاتی ہے۔ امسال کی 10/روزہ مہم کاعنوان ”حضرت محمد ﷺ پیکر ِ اخلاق“رکھاگیا۔ اس لئے رکھاگیاکہ ہمارے سماج میں کردارکی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔ ہماری نئی نسل اپنے کردار پر توجہ دینے سے عاری ہوچکی ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ نبی کریم ﷺ کے کیرکٹر کو ہرایک فرد اگر اختیار کرتاہے تو اس سے انسانی سماج اپنی معراج کو پہنچے گا۔ غلام، ضعیف خواتین اور کمزوروں کی آزادی کو نبی کریم ﷺ نے یقینی بنایا۔ ای دِنا ڈاٹ کام کے ضلعی نامہ نگار جناب بالاجی کُمبار نے کہاکہ آپ ﷺ بچپن ہی میں یتیم ہوگئے تھے۔آپ کی زندگی دوحصوں میں تقسیم رہی۔ 40سال قبل والی زندگی، اور 40تا63سال پر مشتمل زندگی۔ اس زندگی میں بھی مکہ کی زندگی علیحدہ تھی اور مدینہ کی زندگی علیحدہ رہی۔ پروادی محمدﷺنے اس بات پر زور دیاکہ دنیا میں محبت باقی رہے۔ یہی بات بھگوان بودھ نے بھی بتائی تھی۔ انسانوں میں معافی، برداشت،دوسرے کو اہمیت دینا یہ سب چیزیں ہونی چاہیے اس کی تعلیم پروادی نے دی۔ محترمہ گیتاپنڈت چدری سابق صدر ضلع پنچایت اور کانگریس لیڈر نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ کی پیدائش پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اور آخر میں کئی اردو اشعار پڑھ کر اپنی بات ختم کی۔سالیڈارٹی یوتھ موومنٹ کی جانب سے منعقد ہونیو الے کبڈی مقابلے کے پوسٹر کا رسم ِ اجراء وزیر حج نے انجام دیا۔جناب محمد سلیم الدین ڈی ڈی پی آئی بیدر، ڈاکٹر حسام الدین عزیر قادری صدر قاضی بیدر، مولانا مونس کرمانی صدر صفابیت المال، جناب غازی اقبال ناظم ضلع، جناب محمد غوث چیرمین بلدیہ بیدر، جناب محمد آصف الدین رکن شوریٰ JIHکرناٹک، جناب محمد معظم امیرمقامی JIHبیدر، گیتاپنڈت چدری سابق صدر ضلع پنچایت بیدر، جناب سریش چن شٹی صدر کنڑ اساہتیہ پریشدبیدر، جناب محمد احتشام الدین صدر SIOبیدر، جناب ایس ایم منوہر تعلقہ صدر کنڑاساہتیہ پریشد تعلقہ بیدر، جناب محمد خورشید احمد صدر AIITAبیدر، محترمہ توحیدہ سندھے ضلعی ناظمہ JIHشعبہ ء خواتین ضلع بیدر، محترمہ سیدہ ام حبیبہ ناظمہ شعبہ ء خواتین شہر بیدر، ڈاکٹر حرمین شرفین صدر GIOبیدر، جناب اپن کلکرنی، اور دیگر شہ نشین پر موجودتھے۔ سمپوزیم کاآغاز حافظ سیدعتیق اللہ سکریڑی JIHبیدر کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کاکنڑی ترجمہ جناب سید فرقان پاشاہ نے خوبصورت لب ولہجے میں پیش کیا۔ جبکہ جناب محمد نظام الدین رکن جماعت اور سابق پرنسپل نے سمپوزیم کی کارروائی بحسن وخوبی انجام دی۔ شکریہ اور طعام پر سمپوزیم اپنے اختتام کوپہنچا۔ اس بات کی اطلاع جناب محمد آصف الدین میڈیا انچارج JIHبیدرنے دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!