طالبات کی اقامتی درسگاہ مدرسہ عربیہ بدرالعلوم للبنات بیدر میں محمدیوسف رحیم بیدری کے 40/افسانچوں کی کامیاب نمائش

0
Post Ad

بیدر۔ 2/جون (پریس نوٹ) آج 2/جون اتوار کو طالبات کی اقامتی درسگاہ مدرسہ عربیہ بدرالعلوم للبنات، موقوعہ بدرالدین کالونی، بیدر میں معروف شاعر وادیب اور افسانچہ نگار محمدیوسف رحیم بیدری کے 40/افسانچوں کی نمائش کااہتمام کیاگیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد مونس کرمانی حسامی، خادمِ مدرسہ بدرالعلوم للبنات بیدر نے کہاکہ محمدیوسف رحیم بیدری کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔اورمعاشرے کے مختلف کام انھوں نے اپنے ذمہ لے رکھے ہیں۔ جن میں سے ایک کام طلبہ وطالبات کی ادبی تربیت بھی ہے۔ آج موصوف کے 40افسانچوں کی نمائش ہمارے اس عربی اسکول میں کی جارہی ہے۔ تمام طالبات ان افسانچوں کو پڑھیں اور اس سے سبق حاصل کریں۔ میں محمدیوسف رحیم بیدری کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔ مولانا نے طالبات کو افسانچہ کا مطلب سمجھاتے ہوئے کہاکہ افسانچہ کاآسان مطلب ہوتاہے کہانی۔ چھوٹی سی کہانی کوافسانچہ کہتے ہیں جو افسانے سے نکلاہے۔ مجھے امید ہے کہ ہماری طالبات بھی افسانچہ لکھنے کی طرف راغب ہوں گی۔ افسانچہ نگار جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے بھی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عموماً خواتین اور لڑکیاں (طالبات) کہانیوں کو پسند کرتی ہیں۔ اسی کے پیش نظرمیرے افسانچوں کی نمائش یہاں کی جارہی ہے۔آپ تمام کویہی کرنا ہے کہ جو افسانچہ پسند آئے اس افسانچہ کانام یانمبر کتاب الرائے میں ا پنے نام کے ساتھ تحریر کرناہے۔ دوسری بات یہ کہ یہ افسانچے سبق آموز ہیں اور کوشش کی گئی ہے کہ یہ افسانچے قرآن وسنت کے دائرہ میں لکھے جائیں۔ اگر کسی افسانچہ میں آپ کو قرآن وسنت سے ہٹ کر لکھی گئی بات نظر آئے تو ہم سے سوال کریں یاپھر کتا ب الرائے میں اس کی نشاندہی فرمائیں۔ تمام افسانچے پڑھنا ضروری نہیں ہے کیوں کہ اس نمائش کے لئے کم وقت رکھاگیاہے تاکہ آپ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ بعدازاں 78طالبات نے اس نمائش کو ملاحظہ کیا۔ جن میں سے 32طالبات نے کتاب الرائے میں درج کیاکہ انھیں کون کون سے افسانچے پسند آئے ہیں۔ نمائش ملاحظہ کرتے ہوئے طالبات نظم وضبط برقرار رکھیں، اس کیلئے اسکول کی معلمات نے اہم رول اداکیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!