آپ ﷺ ہمیشہ خلق ِ عظیم کے مقام بلند پر فائز رہے،نبی کریم ﷺ خیرالخلائق تھے ،جماعت اسلامی ہند بیدرکی سیرت مہم کی تقریب سے مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی، مولانا مونس کرمانی اورمولانا مفتی محمدامین الحسینی ندوی کاخصوصی خطاب

0
Post Ad

بیدر۔(پریس نوٹ) نبی ﷺ کی پاکیزہ سیرت کو پیدائش سے لے کر ان کے وصال تک خوب تحقیق کے ساتھ بیان کیاگیاہے۔ اسی تحقیق کے مطابق آپ ﷺ ہمیشہ خلق ِ عظیم کے مقام بلند پر فائز نظر آتے ہیں۔ خلق عظیم والا یہ مرتبہ آپ ﷺ کی زندگی کے ہر ہر مرحلہ پر ہماری نگاہوں کے سامنے چلاآتاہے۔ فتح مکہ کے موقع پر نبی کریم ﷺ کا خیرخواہانہ عظیم کردار اس طرح سامنے آیاکہ آپ ﷺ نے اپنے تمام دشمنوں کو معاف کردیا“ یہ باتیں مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی نائب قاضی بیدر و خطیب جامع مسجد بیدر نے کہیں۔وہ جماعت اسلامی ہند کی ریاست گیردس روزہ سیرت مہم ”حضرت محمد ﷺ پیکرِ اخلاق“ کے ضمن میں منعقدہ تقریب سے نظام فنکشن ہال بیدر میں خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے آگے بتایاکہ نبی کریم ﷺ کا عفووکرم بے مثال تھا۔ اخلا ق ِ حسنہ، اخلاق ِ عظیمہ، اخلاق ِ کریمانہ یہ سبھی اوصاف نبی ﷺ میں موجودتھے۔ آج نبی ﷺ کے اخلاق کو اپنانے کی سخت ضرور ت ہے۔ مولانا محمد مونس کرمانی نے تقریب کی ابتداء میں درسِ قرآن دیا اور بتایاکہ نبی ﷺ کو اللہ نے تعلیم دی اور اسی تعلیم کی روشنی میں نبی کریم ﷺ نے لوگوں کوکتاب وحکمت کی تعلیم دیتے ہیں۔ ان کاتزکیہ کرتے ہیں، آیات ِ قرآنی پڑھ کر سناتے ہیں۔ نبی ﷺ کا تذکرہ اور ان کے اوصافِ حمیدہ کاذکر پچھلی تمام کتابوں میں آیاہے۔ حضرت کعب بن احبارؓ نے بتایا نبی ﷺ کا ذکر خیر میں نے توریت میں پڑھا ہے۔ نبی کریم ﷺ کاوصفِ خاص تھاکہ آپ نیکیوں کاحکم فرماتے اور برائیوں سے روکتے تھے۔ ایک اور وصف نرمی خوئی بھی آپ ﷺ کے اندر تھی۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کے ذریعہ صاف کہاکہ نجات کاواحد طریقہ آپ ﷺ ہی کا ہے۔ مولانا مفتی محمدامین الحسینی ندوی نے درس قرآن کے بعد نعت شریف پیش کی۔ اور اپنے خصوصی خطاب میں کہاکہ نبوت سے پہلے کے چالیس سال، مکی زندگی کے تیرہ سال اور مدنی زندگی کے دس سال کہیں کوئی اخلاقی جھول نبی کریم ﷺ میں نظر نہیں آتا۔ آپ ﷺ کے بارے میں آپ ﷺ کے ازواج کی گواہی اور آپ ﷺ کے دوست حضرت ابوبکر ؓ کی شہادت یہ تھی کہ نبی خیرالخلائق تھے۔ آپ ﷺ کے دشمنوں نے آپ سے انتہائی دشمنی پراُتر آئے تب بھی آپ نے اخلاق کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑ ا۔ مولانا نے بتایاکہ حضور ﷺ رہبر ِ کامل ہیں۔ تمام جنگوں میں تمام مواقع پر ایک عظیم رہبر نظر آتے ہیں۔ حتیٰ کہ فتح مکہ کے موقع پر بھی آپ نے عفووکرم کا مظاہرہ کیا۔ ہر نبی اخلاق ِ حسنہ کے پیکررہے لیکن قرآن نے نبی کریم ﷺ کو مکمل اور کامل بتایاہے۔ آپ ﷺ شاہدہیں، مبشر ہیں، آپ ﷺ نذیر بھی ہیں، بلکہ آپ پیکر ِ اخلاق ِ کاملہ ہیں۔ آپ تمام انسانوں کے لئے نبی بناکر بھیجے گئے تھے۔ آخر میں مولانا ندوی نے شرکاء سے کہاکہ آپ اس مہم کولے کر گھر گھر جائیں، برادرانِ وطن تک پہنچیں۔ تبھی اس مہم کاحق ادا ہوسکتاہے۔ مہمات چند دِنوں کے لئے ہوتی ہیں لیکن یہ دعوتی کام زندگی بھر کرنے کاہے۔ آخر میں امیرمقامی محمد معظم نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ کے اخلاق ِ کریمانہ کاذکر کیااور کہاکہ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو یہ سرٹیفکیٹ عطا کیاکہ آپ ﷺ اخلاق کے بلندمقام پر متمکن ہیں۔ اور آپ ﷺ خاتم النبیین بناکر بھیجے گئے ہیں۔ آپ کے بعد کوئی نبی قیامت تک دنیا میں نہیں آئے گا۔ بعدازاں امیرمقامی نے اعلان کیاکہ 22/ستمبر کو رنگ مندربیدر میں برادران ِوطن کے لئے ایک عظیم الشان خطاب ِ عام موجودہ مہم کے ضمن میں منعقد ہونے جارہاہے۔ اس کے دعوت نامے حاصل کرلیں۔تقریب کے کنوینر حافظ سید عتیق اللہ انجینئر تھے۔ جناب محمد عارف الدین معاون امیرمقامی کے شکریہ پر اجلاس اپنے اختتام کوپہنچا۔ شہ نشین پر جناب سید ابراھیم معاون امیرمقامی بیدراور جناب محمد آصف الدین رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند کرناٹک بھی موجودتھے۔ اس بات کی اطلاع جماعت اسلامی ہند بیدر کے میڈیا انچارج جناب محمدآصف الدین نے دی ہے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!