ادارۂ ادبِ اسلامی ہند کرناٹک کا اجلاس عام اور ادارۂ کی تشکیلِ جدید-پروفیسر سید سلیم دولت کوٹھی صد ر، محمدعبدالقدیر سیکریٹری اورطاہر رحمانی طاہرؔ خازن منتخب

0
Post Ad

بیدر۔ 22/نومبر (محمدیوسف رحیم بیدری) ادارۂ ادبِ اسلامی ہند کرناٹک کی بنگلور میں منعقدہ ایک اجلاس عام میں نئی میقات 2021-25 کے لئے ادارہ کی تشکیلِ جدید عمل میں آئی، جس میں پروفیسر سید سلیم دولت کوٹھی بیجاپور صدر، محمدعبدالقدیر بیجاپور سیکریٹری اور طاہر رحمانی طاہرؔکو خازن منتخب کیا گیا۔ اس کے علاوہ ریاض احمد خمارؔ بنگلور اورمحمد یوسف رحیم میرؔ بیدری بیدر کو نائب صدور، سید ابرار حسینی رائچور کابحیثیت جوائنٹ سیکریٹری انتخاب عمل میں آیا۔ اس موقع پر باہمی مشاورت سے مندرجہ ذیل مجلسِ عاملہ کی بھی تشکیل عمل میں آئی۔ فیاض قریشی بنگلور، ایوب بیگ دانش چکبلاپور، عظمت اللہ عظمتؔ کڈور، چاند باشاہ بنگلور، مقبول احمد شیخ ہبلی، انور حسین انورؔ کپل، ڈاکٹر ثناء اللہ شریف بنگلور، نعمان بیگ شیموگہ، سید سالک برماور بھٹکل۔اجلاس کی صدارت پروفیسر سید سلیم دولت کوٹھی اور نگرانی نمائندہ مرکز و سابق قومی صدر ڈاکٹر شاہ رشاد عثمانی نے کی جبکہ مولانا عبدالغفار حامد عمری سیکریٹری حلقہ و نگران ادارۂ ادبِ اسلامی ہند کرناٹک بھی موجود رہے۔ تلاوتِ قرآن مجیدسے اجلاس کا آغاز ہوا، طاہر رحمانی طاہرؔ نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔اجلاس کے صدر نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہو ے ادارہ کے قیام کے پسِ منظر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ادارہ کو فعال اور سرگرم رکھنے کی ذمہ داری اب ہمارے کندھوں پر ہے۔بعدازاں مظہر محی الدین مظہرؔ، ع صمد خانہ پوری، مشتاق سعید میسور، رفعت آصفی بنگلور، ضیاء کرناٹکی بنگلور، گوہر تریکیروی میسور، ان کے علاوہ ریاست کے مختلف مقامات پر ادباء و شعراء کی رحلت پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔ محمد عبدالقدیر سیکریٹری ادارہ نے گزشتہ میقات کی مستحسن کارکردگی اور کامیاب عمل آوری کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس میقات میں اولین ترجیح مقامی شاخوں کو فعال اور متحرک بنانا رہا۔ الحمد للہ اس میں بڑی حد تک کامیابی ہوئی مگر اس میقات میں Covid کی وجہ سے ادارہ کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ سابق قومی صدر ڈاکٹر شاہ رشاد عثمانی نے اپنے خطاب میں ادارہ کی تشکیل جدید پر مسرت کا اظہار کرتے ہوے بتایا کہ کورونا سے پورے ملک میں ہر کام متاثر ہوا ہے، جس سے زندگی کا نظام، کلچر اور ثقافت بھی بدلی ہے، اب ہمیں نئے حالات میں نئی منصوبہ بندی اور نئی ٹکنک کو استعمال کرنا ہوگا۔ سیکریٹری حلقہ و نگران ادارۂ ادبِ اسلامی ہند کرناٹک مولانا عبدالغفار حامد عمری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ادارہ بہت اہم ادارہ ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین، طلباء اور نوجوانوں کی طرف خصوصی توجہ دیں، ادب کو اسکولس، کالجس اور کیمپس تک لے جائیں۔شعر و ادب کے ذریعہ بڑی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ دوپہر کی نشست میں امیرِحلقہ جماعتِ اسلامی ہند ڈاکٹر سعد بلگامی نے شرکت فرمائی اوراپنے خطاب میں کہاکہ یہاں تخلیقی کام ہوتا ہے جس کے دوز رس نتائج ہوتے ہیں۔ اردو کے ساتھ دوسری زبانوں پر بھی توجہ دی جائے۔ اس وقت ملک میں زعفرانی غلبہ ہے اس کا مقابلہ آپ کرسکتے ہیں۔انسانیت، بھائی چارہ اور توحید کا پیغام آپ دے سکتے ہیں۔ نو منتخب صدر پروفیسر سید سلیم دولت کوٹھی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کو سمجھنے کے لئے نظریاتی ادب کا مطالعہ ضروری ہے، ادارہ اپنی سرگرمیوں کے ساتھ آپ کے تعاون سے آگے بڑھے گا۔ محمدعبدالقدیر سیکریٹری ادارہ کے اظہارِ تشکر کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔اس بات کی اطلاع سکریڑی ادارہ ئ ادبِ اسلامی ہند کرناٹک جناب محمدعبدالقدیر نے دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!