کرناٹک میڈیا اکادمی کاایوارڈ ملنے پر ماروتی بھاوی دوڈی کواردو صحافیوں نے پیش کی تہنیت

0
Post Ad

بیدر۔ 16/مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری) کرناٹک میڈیا اکادمی کی جانب سے مومنٹو، توصیفی سنداور 25ہزار روپئے نقد ُپرمشتمل سال 2021؁ء کا صحافتی ایوارڈملنے پرانگریزی روزنامہ ”نیو انڈین ایکسپریس“کے نمائندہ برائے ضلع بیدر جناب ماروتی بھاوی دوڈی کوآج جمعرات کو کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن(رجسٹرڈ) کی جانب سے اسلامی لائبریری، رٹکل پورہ بیدر میں گلپوشی اور شالپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر ماروتی بھاوی دوڈی کو مبارک باد پیش کرنے کے بعد جناب محمدیوسف رحیم بیدری صدر کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن نے کہاکہ کنڑی اخبار سے ملک کے معروف انگریزی اخبار تک کاماروتی بھاوی دوڈی کاسفر تین دہائیوں پر مشتمل ہے۔ ان تین دہائیوں میں انھوں نے اپنے آپ کو ایک ضدی، گھمنڈی یا بڑے صحافی کے روپ میں پیش نہیں کیا۔ ہم نے ان کے شب وروز دیکھے ہیں۔ انھوں نے انتہائی ایمانداری کے ساتھ صحافت کے گلیاروں میں کام کیاہے۔کسی کو دھمکی نہیں دی بلکہ بازو ہٹ کر کھڑے رہنے کے لئے تک نہیں کہا۔ اس قدر شرافت دیکھنے کونہیں ملتی۔ صحافی جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے کہاکہ ہم نے ماروتی بھاوی دوڈی سے صحافت کے میدان میں بہت کچھ سیکھاہے۔ اس میدان میں آنے والے نئے صحافیوں کے لئے ماروتی بھاوی دوڈی ایک عمدہ مثال ہیں۔ پروگرام کاآغاز ابھرتے ہوئے صحافی جناب سخاوت علی سخاوت ؔکی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔دیگر صحافیوں میں جناب محمد عمران خان سیاسی تقدیر دہلی(کرائم)، مسٹر سری کانت برادرضلع نمائندہ کنڑی روزنامہ ”سدھی مُولا“،جناب محمدامجد حسین سیاسی تقدیر دہلی برائے بیدر شہر، جناب مبین احمد زخم ای ٹی وی بھارت،جناب رحمت اللہ رحمت ؔ، جناب سراج الحسن شادمان وغیرہ موجودتھے۔ جناب محمد عمران خان سکریڑی کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن کے اظہارتشکر پر تقریب اختتام کو پہنچی۔ جناب محمدسراج الحسن شادمان لائبریرین اسلامی لائبریری رٹکل پورہ بید رنے انتظامی امورکی دیکھ ریکھ کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!