مشکل گھڑی میں تعلیم مفت ہوسکتی ہے؟!

0
Post Ad

بیدر۔ 6جون (محمدیوسف رحیم بیدری) ماہ جون ہمیشہ سے مانسون اور تعلیم کے آغازکے لئے شبھ ماناجاتارہاہے۔ کسی بھی پیڑھی نے ماہ جون سے ہٹ کر کسی بھی مہینہ کو تعلیمی مہینہ نہیں جانا لیکن امسال شاید ہی ماہ جون سے تعلیم کاآغاز ہو۔ کیونکہ ہر طرف کوویڈ19وباء کی دوسری لہر کے سبب لاک ڈاؤن ہے۔ بچے گھروں میں مقید ہیں اور تاجر وکاروباری حضرات مقید۔ غرباء کو پریشانی لاحق ہے۔جینادرکنار کھانے پینے کے بے شمار مسائل شروع ہوچکے ہیں۔ایسے میں ضلع بیدر میں مختلف سیاسی تنظیمیں، اور این جی اوز لوگوں کوکھاناکھلانے اوران کے گھروں تک راشن پہچانے کے لئے آگے آئی ہیں۔جو ایک مثالی بات ہے۔ اس سے بڑھ کر اور کیاکام ہوسکتاہے کہ مشکل گھڑی میں سب ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایک اندازہ کے مطابق تمام چھوٹی بڑی سیاسی پارٹیاں اور 100سے زائد این جی اوز ضلع بیدر کے غرباء میں کھانے پینے کااہتمام کرنے میں لگی ہوئی ہیں جن میں ارکان اسمبلی بھی پیش پیش ہیں۔ گذشتہ دوماہ سے جناب رحیم خان رکن اسمبلی بیدر بھی امداد پہنچانے میں لگے ہیں۔ اسی طرح کہاجارہاہے کہ دھرم سنگھ فاؤنڈیشن اپنی جانب سے روزانہ لاکھوں افراد تک گرم گرم کھاناپہنچارہاہے۔ شاہین ادارہ کورونا سے متاثر افراداور ان کے گھروالوں کو کھاناپہنچارہاہے۔گردوارہ کی پربندھک کمیٹی اور HRSبھی کھلانے پلانے کے کام میں سرگرم عمل ہیں۔ ہیومانٹی فرسٹ فاؤنڈیشن کے کام کی تصویریں بھی روزانہ مل رہی ہیں۔ فاؤنڈیشن میں عظیم جی پریم جی فاؤنڈیشن اہم نام ہے۔ الغرض سبھی کو کھانا کھلانے پر آمادہ ہیں۔ ایسے میں ایک خیال آرہاہے کہ مشکل گھڑی میں کیاتعلیم کی مفت فراہمی ہوسکتی ہے؟جب مشکل گھڑی میں پاپی پیٹ کے لئے اتنے سارے لوگ کوشاں ہیں تو پھر مفت تعلیم کیوں نہیں مل سکتی؟ 2024تک مفت تعلیم دینے اگر خانگی تعلیمی ادارہ جات تیار ہوجائیں تو یہ ان کی انسانیت نوازی ہوگی۔ کیا ایسا ممکن ہے؟ دل سے آواز آئے گی کہ ایساممکن ہے۔ جو لوگ اپنے غرباء اور مستحقین کوبھوکا نہیں دے سکتے کیا وہ انہیں بغیر تعلیم یا کم تعلیم یافتہ دیکھ سکیں گے۔ ہر گز نہیں۔ جس معاشرے میں ایک دوسرے کے لئے ہمدردی ہوگی وہ معاشرہ ہرلحاظ سے ایک دوسرے کے ساتھ ہوگا۔ اور ایک دوسرے کو اونچا اٹھاکر انسانیت کانام روشن کرے گا۔ امید ہے اس طرف توجہ دیتے ہوئے مفت تعلیم کا بندوبست کیاجائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!