ماہ رمضان میں افطار کے توسط سے برادران وطن تک پہنچنے کی کوشش کریں، روزے اورزکوۃ کے فلسفے اور قران و سیرت کی تعلیمات کو عام کریں:چودھری حیدر علی باغبان کا بیان

0
Post Ad

گلبرگہ (ای میل) گلبرگہ کے معروف سماجی رہنما و گلبرگہ وقف مشاورتی کمیٹی کے نائب صدر چودھری حیدر علی باغبان نے تمام امت مسلمہ بالخصوص گلبرگہ کے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی پیشگی مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ آنے والا رمضان تمام امت مسلمہ کیلئے نجات کا ذریعہ بنے۔ چودھری حیدر علی باغبان کا کہنا ہے کہ اس سال رمضان المبارک ایک ایسے وقت پر سایہ فگن ہونے والا ہے، جبکہ وطن عزیز آنے والے دنوں میں ایک بڑے امتحان سے گزرنے والا ہے۔ رمضان المبارک کے بعد ہی ملک میں لوک سبھا انتخابات ہونے جار ہے ہیں۔ ملک کی مستقبل کی سمت طئے کرنے میں یہ لوک سبھا انتخابات بہت ہی اہم ہیں۔ اس برس کے لوک سبھا انتخابات یہ طئے کریں گے ہمارا ملک عزیز کا مستقبل کس کے ہاتھوں میں ہوگا۔ چودھری حیدر علی باغبان کا کہنا ہے کہ دوسرے قوموں کے بہ نسبت امت مسلمہ کیلئے آنے والا الیکشن اور اسکے نتائج انتہائی اہم ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ آج ملک میں مسلمانوں کے خلاف جو نفرت کی فضاء پیدا کی گئی ہیں۔ مسلمانوں کا دائرہ تنگ کیا جا رہا ہے۔۔ مسلمانوں کی عبادتگاہوں کو چھینا جا رہا ہے۔ مسلمانوں کی املاک پر بلڈوزر چلایا جا رہا ہے۔ مسلمانوں کو رائٹ ٹو ورشپ سے بھی روکار جا رہا ہے۔ دہلی میں حالت نماز میں ایک بندہ خدا سے ایک پولیس والے کی نازیبا حرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں نفرت کا ماحول کس انتہاء کو پہینچ چکا ہے۔۔ چودھری حیدر علی باغبان کا کہنا ہے کہ ان سب کا تدارک کرنے کیلئے مسلمانوں کوٹھوس حکمت عملی بنانی چاہئے۔ اسکی پہلی کڑی کے تحت برادران وطن کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنا ہے۔ و گلبرگہ وقف مشاورتی کمیٹی کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ برادران وطن سے بہتر تعلقات کے قیام کیلئے رمضان المبارک کا با برکت مہینہ ایک نعمت ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس رمضان المبارک میں دعوت افطار کے توسط سے برادران وطن کو قریب کیا جائے۔ انھیں دعوت افطار پر مدعو کر کے روزے اور زکوٰۃ کے فلسفے کے ساتھ ساتھ اسلام اور قران کی بنیادی تعلیمات سے واقف کرائیں۔ انھیں بتائے کہ روزہ بھوک اور پیاس کو سمجھنے اورصبر کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ وہیں زکوۃ، مستحقین کی مدد کی ترغیب دیتی ہے۔ ساتھ ہی برادران وطن کے روبرو سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں۔ آپ ﷺ کی مکی زندگی اور پھر فتح مکہ کے واقعات اور پھر حکمرانی کے طور طریقوں، خلافت راشدہ کے دوران غیر مسلموں سے تعلقات، اسلام میں مساوات جیسے عنوانات پر روشنی ڈالی جائے۔ چودھری حیدر علی باغبان کا کہنا ہے کہ ایسی مساجد جو غیر مسلموں کے علاقے میں موجود ہیں یا پھر تجارتی علاقوں میں موجود ہیں۔ وہاں پر اس کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کیا جائے۔ دعوت افطار کے توسط سے غیر مسلموں کے کو مسجدوں کے اندر بلایا جائے اور انکے دلوں میں اسلام کے تعلق سے پائے جانے والے شبہات و خدشات کو دور کیا جائے۔ برادران وطن کے سامنے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کی جائے۔ برادران وطن کو انکی زبانوں میں کلام مجید کے تر جمے اور سیرت النبی ﷺ کی کتابیں تحفے میں پیش کریں۔ا ن کا کہنا ہے کہ ملک آج جس دوراہے پر کھڑا ہے۔ اس کو صرف محبت بھائی چارگی، اخوت، مذہبی رواداری کے ذریعے ہی راہ راست پر لایا جا سکتا ہے۔ ماضی میں ان ہی طریقوں سے ہی ہمارے اسلاف نے برادران وطن کو اپنے ساتھ رکھا تھا۔ اقلیت ہونے کے باوجود اس ملک میں آٹھ سو برسوں تک حکمرانی کی تھی۔۔ا ن کا کہنا ہے کہ فرقہ پرست طاقتیں برادران وطن کے ذہنوں میں مسلمانوں کے خلاف نفرت بھر کر ہی اپنے مفادات حاصلہ کے حصول میں کامیاب ہو رہی ہیں۔ ایسے میں مسلمانوں کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ برادران وطن کے دلوں سے زہر کو نکالیں اور اسکے نعم البدل کے طور پر انکے دلوں میں مسلمانوں کے تعلق سے پیار محبت کو بھر دیں۔ چودھری حیدر علی باغبان کا کہنا ہے کہ یہ ملک صدیوں سے گنگا جمنی تہذیب کا مزکز رہا ہے۔ اس ملک کی تعمیر و ترقی میں مسلمان بھی صدیوں سے اپنا مثبت کردار ادا کرتے آ رہے ہیں۔ ملک کی آزادی میں بھی مسلمانوں نے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں اور آزادی کے بعد بھی ملک کی تعمیر وترقی میں مسلمانوں نے نمایاں رول رہا ہے۔ ماضی میں بھی جب بھی ملک عزیز کو ایثار و قربانی کی ضرورت پڑی، مسلمانوں نے اول دستہ کے طور پر کام کیا ہے۔ موجودہ حالات میں بھی ملک کے دستور کو اور ملک کے سیکولر کردار، گنگا جمنی تہذیب کوبچانے کیلئے مسلمانوں کو آگے آنا چاہئے۔ چودھری حیدرعلی باغبان نے اس موقع پر مسلمانوں سے بھی اپیل کی کہ ماہ رمضا ن میں اپنے گھروں میں قران کی تفسیر، درس قران کا اہتمام کریں، سماعت قران کا اپنے محلوں اور مسجدوں میں اہتمام کریں۔ اور زکوۃ کی مد میں اپنے غریب رشتہ داروں اور محلے والوں کی امداد کریں۔ اپنے غریب رشتہ داروں تک افطار پہنچائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!