ڈاکٹر محمد عارف الدین کاسانحہ ء ارتحال،ہلسور تعلقہ میں غم کی لہر

0
Post Ad

بیدر۔ (محمدیوسف رحیم بیدری) معروف ایگزیکٹیو انجینئر اور بزرگ ماہر تعلیم جناب الحاج محمد اکرام الدین مرحوم سابق صدر الامین ادارہ جات بیدر کے فرزند ارجمند ڈاکٹر محمد عارف الدین(54سالہ) 3/اپریل چہارشنبہ کی صبح اپنے مالکِ حقیقی سے جاملے۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ ان کی نماز جنازہ اسی دن بعدنما زظہر جامع مسجد بیدر میں اداکی گئی اورتدفین درگاہ حضرت مخدوم جی قادری ؒکے احاطہ،موقوعہ چدری روڈ بیدرمیں عمل میں آئی۔مرحوم ڈاکٹر عارف الدین کے پسماندگان میں اہلیہ اور تین لڑکے شامل ہیں۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں بھائیوں اقبال الدین انجینئر، محمد ظفر (گلبرگہ)، محمد انورالدین انجینئر، محمد آصف الدین ایجوکیشنسٹ، بھتیجے، بھانجے اور رشتہ داروں کے علاوہ زندگی کے مختلف میدانوں سے وابستہ افراد شریک ہوئے اور ان کی مغفرت کے لئے دعا گور ہے۔ ڈاکٹر عارف الدین ہلسور تعلقہ کے پی ایچ سی(سنٹر) کے طبی افسر تھے اور کئی سال سے وہیں پر برسرخدمت تھے۔ ڈاکٹر محمد عارف الدین ہلسور، اور اطراف واکناف میں ایک ”ڈاکٹر مسیحا“ کے طورپر مشہور تھے۔ جب ان کاتبادلہ دوسرے مقام کردیاگیاتو ہلسور اور اطراف واکناف کے رہائشیوں نے مبینہ طورپر احتجاج منظم کیاجس کی وجہ سے انھیں ہلسور پی ایچ سی(سنٹر) واپس لے لیاگیا۔ ڈاکٹر محمد عارف الدین نے کورونا کے دور میں پورے دوسال تک اپنی جان پر کھیل کرمریضوں کی جانچ کی اور انہیں کورونا جیسی خطرناک بیماری سے بچانے میں اہم رول اداکیا۔انھیں مریضوں کی خدمت جان سے زیادہ عزیز تھی، مریضوں کی خدمت کرکے ہی انھیں سکونِ قلبی حاصل ہوتاتھا۔جس کا اظہار وہ وقتاًفوقتاً اپنے دوست احباب سے کیاکرتے تھے۔ دل کے اچھے تھے لیکن دل کے علاوہ ان کے ہاتھوں میں بھی اللہ نے شفادے رکھی تھی۔انھوں نے کبھی غریبوں کو جھڑکا نہیں، تسلی بخش علاج کرناہی جیسے ان کی زندگی کامقصدتھا۔ وہ الامین میڈیکل کالج بیجاپور کے طالب علم تھے۔ ان کے انتقال سے ہلسور اور اطراف واکناف میں پوری طرح غم کاماحول پایاجاتاہے۔ بیدر شہر میں بھی ان کے جانے والوں میں غم کی لہردوڑ گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عارف الدین کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق دے۔ ان کے تینوں فرزندان کو والد کی طرح اپنے پیشے سے اٹوٹ طورپر وابستہ ہوکر انسانوں کی خدمت کافریضہ انجام دینے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

error: Content is protected !!